پاک فضائیہ کے سربراہ کی پی اے ایف انٹربینڈ مقابلوں میں بطور مہمان خصوصی شرکت

09:21 PM, 17 Feb, 2022

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے پی اے ایف انٹربینڈ مقابلے 22-2021ءکی اختتامی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور بہترین کارکردگی دکھانے والوں میں انعامات تقسیم کئے۔ 
ترجمان پاک فضائیہ کی جانب سے جاری کئے گئے بیان میں بتایا گیا ہے کہ پی اے ایف انٹر بینڈ مقابلے 22-2021ءپی اے ایف کمپلیکس اسلام آباد میں اختتام پذیر ہو گئے۔ سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اختتامی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے اور بہترین کارکردگی دکھانے والوں میں ٹرافیاں اور انعامات تقسیم کئے۔ 
تین روزہ سالانہ میوزیکل فیسٹول کے دوران جنرل ڈسپلن، وردی اور میوزیکل آلات کے معائنے سمیت کالم مارچ اور مختلف طرز کی پریڈ کا مظاہرہ کیا گیا جبکہ پی اے ایف کے 04 براس بینڈ یونٹس نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا اور اپنی دھنوں سے جادو جگایا۔ 
مزید برآں، امسال آزادی پاکستان کی ڈائمنڈ جوبلی کے پیش نظر تمام شریک یونٹس کی جانب سے ایک خصوصی نغمہ پیش کیا گیا۔ قومی اور لوک نغموں کی دھنیں بجاتے ہوئے، تمام بینڈ یونٹوں نے اجتماعی طور پر ’75‘ کا ہندسہ اور ’ہلال‘ بنایا۔ 
اس کے علاوہ سسٹر سروسز کے براس اور پائپر بینڈز، سلیم نواز فضائیہ کالج، پی اے ایف بیس مسرور اور فضائیہ انٹر کالج پی اے ایف بیس منہاس کے سٹوڈنٹ بینڈز نے بھی تقریب میں بطور مہمان شرکت کی۔
مہمان خصوصی ائیرچیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے ونر بینڈ، بہترین بینڈ ماسٹر اور انفرادی طور پر بہترین کارکردگی دکھانے والوں میں ٹرافیاں اور انعامات تقسیم کئے جبکہ تمام شرکاءکی کارکردگی اور فنکارانہ کاوشوں کو بھی سراہا۔

مزیدخبریں