آسٹریلیا بڑی ٹیم ہے، سیریز کیلئے اپنی تیاری مکمل کرنی ہو گی: ثقلین مشتاق

آسٹریلیا بڑی ٹیم ہے، سیریز کیلئے اپنی تیاری مکمل کرنی ہو گی: ثقلین مشتاق
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق نے کہا ہے کہ آسٹریلیا کیخلاف سیریز کیلئے ہمیں اپنی تیاری مکمل کرنی ہو گی، آسٹریلیا کا دورہ پاکستان خوش آئند ہے اور پوری قوم اس کی منتظر ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ثقلین مشتاق نے کہا کہ آسٹریلیا کی ٹیم کو دیکھتے ہوئے اپنی ٹیم بنائیں گے جبکہ اس اہم سیریز کیلئے ہمیں اپنی تیاری مکمل کرنی ہو گی۔ 
ان کا کہنا تھا کہ آسٹریلین ٹیم کے پاکستان آنے پر بہت خوشی ہے اور پوری قوم اس دورے کی منتظر ہے، آسٹریلیا کیخلاف سیریز سے متعلق بھرپور منصوبہ بندی کر رہے ہیں اور یہ بھی دیکھیں گے کہ کس طرح کی وکٹیں ہمیں سپورٹ کریں گی۔ 
ثقلین مشتاق نے کہا کہ بطور ہیڈ کوچ ہر شخص چاہتا ہے کہ اسے ایک ٹیم ملے، مجھے پہلے کم وقت کیلئے کوچ بنایا گیا تھا لیکن اب دوبارہ ذمہ داری ملی ہے جس پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کروں گا۔ 
محمد یوسف سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سابق بلے باز کی صلاحیتوں پر سب کو بھروسہ ہے اور وہ ہائی پرفارمنس سینٹر میں بھی کام کر رہے ہیں، ان کے آنے سے قومی ٹیم کی کارکردگی میں یقینا بہتری آئے گی۔ 

مصنف کے بارے میں