ویانا :ایران کیساتھ جاری جوہری مذاکرات میں کسی بھی وقت بڑا بریک تھرو دیکھنے کو مل سکتا ہے ،امریکی اور ایرانی حکام کے حالیہ بیانات سے لگتا ہے کہ جوہری ہتھیاروں کے معاملے میں اگلے چند روز میں اہم پیش رفت دیکھنے کو مل سکتی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق ایران اور امریکہ کے درمیان ویانا میں جاری جوہری مذاکرات اس وقت مثبت سمت میں جا رہے ہیں جس کی تصدیق جوہری معاہدے کے ایک فریق فرانس نے بھی کی ہے ۔
امریکی وزارت خاجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے ویانا مذاکرات سے متعلق اپ ڈیٹ دیتے ہوئے کہا کہ اگلے چند روز میں معلوم ہو جائے گا کہ آیا مشترکہ جامع منصوبہ عمل یا ایران جوہری معاہدہ دوبارہ بحال ہوگا ،انہوں نے کہا بظاہر تو یہ ایک مشکل عمل ہے لیکن جس طریقے سے دونوں فریقین کی طرف سے مثبت جواب آ رہے ہیں لگتا ہے کہ ہم آخری مراحل میں ان جوہری مذاکرات سے کچھ اچھا حاصل کر لینگے ۔
انہوں نے کہا یہ حقیقتاً وہ فیصلہ کن گھڑی ہے، جس کے دوران ہم یہ تعین کرنے کے قابل ہو جائیں گے کہ جوائنٹ کمپری ہینسیو پلان آف ایکشن (جے سی پی او اے) کی تعمیل میں باہمی واپسی کا آغاز ہو رہا ہے یا ایسا نہیں ہے۔