لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 7 میں ملتان سلطانز کی جانب سے عمدہ کارکردگی دکھانے والے آسٹریلین کرکٹر ٹیم ڈیوڈ کو ممکنہ طور پر دورہ پاکستان کیلئے کینگروز کی وائٹ بال ٹیم میں منتخب کئے جانے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق ٹم ڈیوڈ پی ایس ایل کے ساتویں سیزن میں ملتان سلطانز کی نمائندگی کر رہے ہیں اور انہوں نے اب تک عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 234 رنز بنائے ہیں اور ان کا سٹرائیک ریٹ 205.26 ہے۔ اس کارکردگی کے باعث وہ انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کیلئے حالیہ نیلامی کے دوران 8.25 کروڑ بھارتی روپوں کے عوض ممبئی انڈینز کی ٹیم میں منتخب ہوئے ہیں۔
ٹم ڈیوڈ نے پی ایس ایل میں عمدہ کارکردگی کی بد ولت آئی پی ایل کا شاندار کنٹریکٹ تو حاصل کر ہی لیا ہے مگر اس کیساتھ ہی وہ مختصر فارمیٹ کی کرکٹ کیلئے آسٹریلین سلیکٹرز کی نظروں میں بھی آ گئے ہیں اور آسٹریلین ٹیم کے کپتان ایرون فنچ نے تصدیق کی ہے کہ ٹم ڈیوڈ سلیکشن کیلئے زیر غور ہیں اور انہیں دورہ پاکستان کیلئے منتخب کیا جا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ ٹم ڈیوڈ کا آبائی ملک سنگاپور ہے جس کیلئے انہوں نے 14 ٹی 20 میچز کھیل رکھے ہیں جبکہ ان کے والد روڈ ڈیوڈ 1997ءمیں سنگاپور کیلئے آئی سی سی ٹرافی میں شریک ہو چکے ہیں۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) قوانین کے تحت ٹم ڈیوڈ آسٹریلیا کیلئے کھیلنے کے اہل ہیں اور یہی وجہ ہے کہ ان کا مستقبل روشن نظر آ رہا ہے۔
ٹم ڈیوڈ کا خاندان 1990ءکی دہائی میں ایشیائی مالیاتی بحران کے باعث آسٹریلیا سے سنگاپور چلا گیا جہاں ان کے والد بطور انجینئر کام کرتے تھے، ٹم ڈیوڈ اس وقت صرف 2 سال کے تھے اور یوں وہ آسٹریلیا کے شہر پرتھ میں پلے بڑھے اور دنیائے کرکٹ میں اپنا نام پیدا کرنے کیلئے خوب محنت کی۔