لاہور:ایک طرف جہاں پاکستان پیپلزپارٹی کا کارواں اسلام آباد کی طرف رواں دواں ہونے کیلئے تیار ہے ،پاکستان مسلم لیگ ن حکومت کیخلاف اپنی ٹیم مضبوط کرنے میں لگی ہوئی ہے وہیں جماعت اسلامی نے بھی حکومت پالیسیوں کیخلاف احتجاج ریکارڈ کروانے کا فیصلہ کر لیا ۔
تفصیلات کے مطابق نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ کا کہنا ہے کل سے اسلام آباد میں 15 مقامات پر عوامی احتجاج ہوگا ،پٹرول کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے خلاف ملک بھر میں دو روزہ احتجاج شروع کر رہے ہیں،حکومت پٹرول کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ فوری واپس لے،ملک میں جاری بے یقینی سے جمہوریت کو نقصان ہورہا ہے،عمران خان اپنی نا اہلی تسلیم کرتے ہوئے فوری استعفیٰ دیں۔
نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ کی پریس کانفرنس،گھبرانا نہیں ، کھانا نہیں اور پٹرول بھروانا نہیں کے نعرے حکومتی نا اہلی کی بدترین مثال ہے،ان کاموں میں ملک کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچایا۔عالمی منڈی میں پٹرول کی قیمت کم پاکستان میں مسلسل اضافہ کیا جارہا ہے،حالیہ پٹرول بم کے تابکاری اثرات ایٹم بم سے بھی زیادہ ہیں،پٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی اور بیروزگاری میں اصافہ ہورہا ہے۔
انہوں نے کہا حکومت کی اقتصادی ٹیم ناکام اور نااہل ثابت ہوچکی ہے،اقتصادی مافیا نے معیشت کو تباہ کر دیا پھر بھی ان کو سرٹیفکیٹ دیے جارہے ہیں صحت کارڈ، احساس پروگرام، نوجوانوں کو قرضوں کے پروگرام بھی کرپشن کی نظر ہوجائیں گے،حکومت کے دن گنے جاچکے، اس کا چلنا ممکنات میں نہیں ہے،ماضی کی حکومتیں جس بنیاد پر ناکام ہوئیں پی ٹی آئی نے اسی نظام کو جاری رکھا،جماعت اسلامی عوام دشمن اقدامات کے خلاف ملک بھر میں دھرنے دے رہی ہے،۔کل اسلام آباد میں 15 مقامات پر عوامی احتجاج ہوگا۔
لیاقت بلوچ نے مزید کہا کہ نئے مینڈیٹ کیلئے فوری عام انتخابات کرائے جائیں،اپوزیشن عدم اعتماد کی تحریک کیلئے سنجیدہ ہو تو ساتھ دے سکتے ہیں،اپوزیشن عدم اعتماد کی تحریک پر رابطہ کرے گی تو حتمی فیصلہ کریں گے ،اپوزیشن یقین دلائے کہ حکومت کا تختہ الٹنے کے فوری بعد عام انتخابات کرائے جائیں گے،جماعت اسلامی کا قومی اسمبلی میں ایک ووٹ سب پر بھاری ثابت ہوگا،حکومت کی صحافیوں پر قدغنیں اس کے آمرانہ رویے کی عکاس ہے۔