لاہور: پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) نے آذربائیجان کے دارالحکومت اور تجارتی مرکز باکو کیلئے براہ راست پروازوں کا اعلان کر دیا ہے۔
پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق کراچی اور لاہور سے باکو کیلئے براہ راست پروازیں چلانے کے منصوبے کو حتمی شکل دیدی گئی ہے جس کے مطابق ہفتہ وار 2 براہ راست پروازیں چلائی جائیں گی۔ ان میں سے ایک پرواز کراچی اور دوسری لاہور سے اڑان بھرے گی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ قومی ائیرلائن کی پہلی پرواز بدھ 16 مارچ 2022 ءکو جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی سے روانہ ہو گی جبکہ دوسری پرواز علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور سے 19 مارچ 2022 ءسے اڑان بھرے گی۔
پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) ائیر مارشل ارشد ملک نے پروازوں کے انتظامات کو حتمی شکل دینے پر قومی ادارے کے حکام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں مزید مقامات کیلئے بھی پروازیں چلائی جائیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کے روٹس میں مزید مقامات کو شامل کرنے کیلئے منصوبہ بندی جاری ہے جبکہ ائیرلائن کی مارکیٹنگ اور دیگر شعبوں کو مسافروں کو بہترین خدمات فراہم کرنے کی ہدایات بھی جاری کر دی ہیں۔