لاہور: نائب صدر مسلم لیگ (ن) مریم نواز نے کہا ہے کہ جب محسن بیگ ہم پر تنقید کیا کرتے تھےآپ ان سے خوش تھے،اب جب آپ کے بارے کچھ کہا تو آپےسےباہرہوگئے، حکومتی وزرا تنقید برداشت کرنے کا حوصلہ رکھیں۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ عمران خان ذہنی طورپر بالکل مفلوج ہوچکے ہیں،ان کی ذہنی حالت پر مجھے ترس آتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی حالت دیکھ کر مجھے پرویز مشرف دور یادآتا ہے، پرویز مشرف کو سمجھ آگئی تھی اس کااقتدار ختم ہونے والا ہے، پرویز مشرف نے 60 ججز کو قلم کی نوک سے گھر بھیج دیاتھا۔
لیگی نائب صدر نے مزید کہا کہ محسن بیگ نےجب سیاسی معاملات میں عمران خان کی مدد کی تووہ ٹھیک تھے، جب آپ کےخلاف تنقید کی تو آپ کو ناگوارگزرا۔انہوں نے مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کا اپنی اہلیہ کیلئے جو معیار ہے ، وہ دوسروں کی بہن اور بیٹیوں کیلئے بھی رکھیں۔
مریم نواز نے حکومتی اتحادی جماعتوں سے عمران خان کا ساتھ چھوڑنے کا مطالبہ بھی کیا ۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر وزیر اعظم عمران خان پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ پٹرول کی 12روپے قیمت بڑھنے سے ہر چیز مہنگی ہوگئی،آپ کا کچن تو کوئی اور چلاتاہے، آپ کومہنگائی سے کیا غرض؟۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم کے جرائم کی فہرست بہت طویل ہے،لندن بھاگنے نہیں دیں گے۔