اسلام آباد: سینیٹ الیکشن کے لئے جمع کرائی گئی دستاویزات میں تحریک انصاف کی رہنما زنیرہ ملک کے کاغذات میں جلعسازی کا انکشاف ہوا ہے۔
پی ٹی آئی کی ویمن ونگ کی سیکرٹری اطلاعات زنیرہ ملک نے کاغذات نامزدگی میں 2 اراکین اسمبلی کے نام بلااجازت تجویز اور تائید کنندہ میں دیے جس کے انکشاف پر ارکان اسمبلی ارسلان تاج گھمن اور عدیل احمد کا الیکشن کمیشن سے رابطہ کیا۔
پی ٹی آئی ارکان نے زنیرہ ملک کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کی درخواست کی جس پر الیکشن کمیشن نے زنیرہ ملک کے تجویز اور تائید کنندگان کے نام حذف کردیے۔
تحریک انصاف کے رکن اسمبلی ارسلان تاج گھمن کا کہنا تھا کہ زنیرہ ملک نے اجازت کے بغیر بطور تائید کنندہ میرا نام استعمال کیا اور الیکشن کمیشن کو میرے کوائف کے بغیر فارم منظور نہیں کرنا چاہیے تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ زنیرہ ملک کےخلاف پارٹی کے ڈسپلن کے تحت کارروائی ہو گی کیونکہ بغیر اجازت اراکین اسمبلی کے نام استعمال کرنا جعلسازی ہے۔
دوسری طرف زنیرہ ملک کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت نے کاغذات جمع کرانے کا کہا تھا جبکہ تحریک انصاف پارلیمانی بورڈ میں سندھ سے سینیٹ کیلئے میرا نام لیا گیا۔ان کا کہنا تھاکہ مرکزی اور مقامی قیادت میں رابطہ نہ ہونے سے غلط فہمی ہوئی۔
واضح رہے کہ سینیٹ انتخابات کیلئے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا سلسلہ جاری ہے۔