حکومت نے پاسپورٹ کی فیسوں میں کمی کا اعلان کر دیا

08:34 PM, 17 Feb, 2021

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے پاسپورٹ کی فیسوں میں کمی کا اعلان کرتے ہوئے اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا۔ نوٹیفکیشن ڈائریکٹوریٹ جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹ نے جاری کیا ہے۔

نوٹیفکیشن کےمابق 5 سال کے لیے 36 صفحات پر مشتمل پاسپورٹ کی فیس تین ہزار روپے جبکہ ارجنٹ کی فیس پانچ ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔ پانچ سال کے لیے 72 صفحات پر مشتمل پاسپورٹ کی فیس 5500 روپے اور ارجنٹ کی فیس 9 ہزار روپے ہو گی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پانچ سال کے لیے 100 صفحات پر مشتمل پاسپورٹ کی فیس چھ ہزار اور ارجنٹ چارجز 12 ہزار روپے مقرر کیے گئے ہیں۔

دس سال کے لیے 36 صفحات پر مشتمل پاسپورٹ کی فیس 4500 اور ارجنٹ چارجز 7500 روپے جبکہ 72 صفحات کی 8250 اور ارجنٹ چارجز 13500 روپے ہوں گے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق 10 سال کے لیے 100 صفحات پر مشتمل پاسپورٹ کی فیس نو ہزار اور ارجنٹ کی فیس 18 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔

وفاقی حکومت کی طرف سے پاسپورٹ کی نئے چارجز کا اطلاق 17 فروری سے ہو گا۔ 

اس سے قبل وزارت داخلہ نے نئی ویزا پالیسی جاری کی تھی جس میں بڑی تبدیلی کرتے ہوئے قلیل المدتی ویزا کو سیکیورٹی کلیئرنس سے استثنیٰ دیا گیا۔ وزارت داخلہ کے اعلامیے کے مطابق غیرملکیوں کو کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں 3 ماہ تک کا میڈیکل ویزا درخواست کے 48 گھنٹے میں جاری کیا جائے گا۔

قلیل المدتی ویزا کے لیے سیکیورٹی کلیئرنس لازمی نہیں ہو گی اور اس حوالے سے استثنیٰ دے دیا گیا ہے البتہ درخواست دینے والے کے حوالے سے حساس اداروں آئی ایس آئی، آئی بی اور ایف بی آئی کو آگاہ کیا جائے گا۔

دستاویز کے مطابق سیکیورٹی ایجنسیوں سے کلیئرنس ملنے کے بعد ہی وزارت داخلہ 30روز میں 1سالہ مدت کے میڈیکل ویزا کے اجرا کی منظوری دے گی۔

مزیدخبریں