مانسہرہ: صوبہ خیبرپختونخوا کی مقامی عدالت نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کے معاون خصوصی سید احمد حسین شاہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔
مانسہرہ کے سول جج کی عدالت میں توہین عدالت کیس کی سماعت ہوئی۔ سماعت کے دوران عدالت نے وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی سید احمد حسین شاہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔ عدالت نے رکن قومی اسمبلی صالح محمد خان کو بھی گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دیا جبکہ عدالت نے حکم دیا کہ ایکسیئن سی اینڈ ڈبلیو مانسہرہ اور دیگر سرکاری اہلکاروں کوبھی گرفتارکر کے تین مارچ کو پیش کیا جائے۔
واضح رہے کہ مانسہرہ میں علاقہ عمائدین نے گھنول روڈ کا 14 کلومیٹر سروے تبدیل کرنے پر عدالت سے رجوع کیا تھا جس پر عدالت نے سڑک کا کام رکوانے کیلئے حکم امتناع جاری کیا تھا۔
عدالتی حکم کے باوجود سڑک پر کام جاری رکھنے پر علاقہ عمائدین نے توہین عدالت کی درخواست جمع کرائی جس پر عدالت نے توہین عدالت کے مقدمے میں تمام ذمہ دار افراد کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔