قاہرہ: وزیرخارجہ پاکستان شاہ محمود قریشی نے مصر کے دارالحکومت میں صدر عبدالفتح السیسی سے ملاقات کی جس دوران دو طرفہ تعلقات اور تعاون کے فروغ، خطے میں امن و امان کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ شاہ محمود قریشی نے مصری صدر کو وزیراعظم پاکستان عمران خان کی جانب سے نیک تمناؤں کا پیغام بھی پہنچایا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ نے مصری صدر کو مختلف شعبہ جات میں تعاون کے فروغ کے حوالے سے میسر مواقعوں سے آگاہ کیا جبکہ عبدالفتح السیسی کی توجہ بھارتی ہندوتوا پالیسیوں کی طرف بھی دلائی۔شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بھارتی اقدامات سے خطے کے امن واستحکام کو خطرات درپیش ہیں، بھارت، مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا مرتکب ہے۔
انہوں نے مصری صدر عبدالفتح السیسی کو افغان امن عمل میں پاکستان کے کردار پر بریفنگ بھی دی اور مصر اور قطر کے مابین سفارتی روابط کی بحالی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے دونوں ممالک کی جانب سے مثبت روئیے کی تعریف کی، مصری صدر عبدالفتح السیسی نے وزیراعظم عمران خان اور عوام کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
قبل ازیں قاہرہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا مصری وزیر خارجہ سامح شکری نے وزارت خارجہ آمد پر پرتپاک خیر مقدم کیا اور دوران ملاقات دو طرفہ تعلقات، پاکستان اور مصر کے مابین کثیر الجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان، مصر کو عرب دنیا کا ایک اہم ملک گردانتا ہے، پاکستان اور مصر کے مابین یکساں مذہبی اور ثقافتی اقدار کی بنیاد پر دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان، مصر کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کیلئے پر عزم ہے اور پاکستان وزیراعظم عمران خان کے ویژن کی روشنی میں افریقی ممالک کے ساتھ تجارت کے فروغ کیلئے "انگیج افریقہ" پالیسی پر گامزن ہے۔ وزیر خارجہ نے پاکستان اور مصر کے درمیان دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافے کے میسر مواقعوں سے متعلق مصری وزیر خارجہ کو آگاہ کیا۔ وزیر خارجہ نے اپنے مصری ہم منصب کو بھارت کی ہندوتوا سرکار کے پاکستان مخالف مذموم عزائم سے آگاہ کرتے ہوئے، اسے خطے کے امن و استحکام کیلئے خطرے کا باعث قرار دیا۔
مصری وزیر خارجہ سامح ال شکری نے افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان کی مصالحانہ کاوشوں کو سراہا، دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور مصر کے مابین تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کیلئے کثیر الجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔وزیر خارجہ نے دورہ مصر کے دوران پرتپاک خیر مقدم پر مصری ہم منصب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں دورہ پاکستان کی دعوت دی جسے انہوں نے شکریہ کے ساتھ قبول کیا۔
بشکریہ (نئی بات)