پاکستان نے سات ماہ میں 754 ارب سے زائد کی کھانے پینے کی اشیاء درآمد کیں

06:59 PM, 17 Feb, 2021

اسلام آباد: پاکستان نے سات ماہ میں 754 ارب 94 کروڑ روہے کی کھانے پینے کی اشیا درآمد کی گئیں۔ ادارہ شماریات کی طرف سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق کھانے پینے کی اشیا کی درآمد میں گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 278 ارب روپے 19 کروڑ کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ گزشتہ سال جولائی تا جنوری کھانے پینے کی اشیا کی درآمد کا حجم 476 ارب 74 کروڑ 50 لاکھ روپے تھا۔ جولائی تا جنوری چینی کی درآمد میں 7 ہزار فیصد سے زائد کا اضافہ ہوا۔

رواں سال جولائی تا جنوری 20 ارب 60 کروڑ روپے کی چینی درآمد کی گئی۔ گزشتہ سال اسی عرصے میں 29 کروڑ روپے کی چینی درآمد کی گئی تھی۔ جولائی تا جنوری 127 ارب 96 کروڑ روپے کی گندم درآمد کی گئی اور گذشتہ سال اس عرصے میں گندم کی درآمد زیرو تھی۔

خشک میوہ جات کی درآمد میں سالانہ بنیادوں پر 192.14 فیصد اضافہ ہوا۔ جولائی تا جنوری 9 ارب 66 کروڑ 70 لاکھ روپے کے خشک میوہ جات درآمد کئے گئے۔ گزشتہ سال اسی عرصے میں 3 ارب 31 کروڑ روپے کے میوہ جات درآمد کئے گئے تھے۔ سات ماہ میں 222 ارب 82 کروڑ 70 لاکھ روپے کا خوردنی تیل درآمد کیا گیا۔ گزشتہ سال اسی عرصے میں 156 ارب 25 کروڑ 50 لاکھ روپے کا خودرنی تیل درآمد کیا گیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق 7 ماہ میں مصالحوں کی درآمد میں 36.19 فیصد اضافہ ہوا۔ سالانہ بنیادوں پر 7 ماہ میں چائے کی درآمد میں 27.71 فیصد اضافہ ہوا۔ جولائی تا جنوری 54 ارب 85 کروڑ روپے کی چائے درآمد کی گئی اور گزشتہ سال اسی عرصے میں 42 ارب 95 کروڑ روپے کی چائے درآمد کی گئی تھی۔

ادارہ شماریات کے مطابق مالی سال کے سات ماہ میں 53 ارب 82 کروڑ 60 لاکھ روپے کی دالیں درآمد کی گئیں۔ گزشتہ سال اسی عرصے میں 48 ارب 69 کروڑ 40 لاکھ روپے کی دالیں درآمد کی گئی تھیں۔

مزیدخبریں