ممبئی، پاک بھارت جنگ کے خواب دیکھنے والی پریانکا نے دونوں ملکوں کے معاملات پر یوٹرن لے لیا ۔
بھارتی اداکارہ پریانکا چوپڑا نے اپنی کتاب " ان فنشڈ " میں پاک بھارت کشیدگی پر کہا ہے کہ وہ پُرامید ہیں کہ دونوں ممالک کےدرمیان معاملات میں بہتری آئے گی۔
پریانکا چوپڑا کو اپنے دوغلے رویئے کی وجہ سے میڈیا پر سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔
بی بی سی ایشین نیٹ ورک کے نامہ نگار ہارون رشید نے حال ہی میں پریانکا چوپڑا کے ساتھ بات چیت کی اور اس گفتگو کے آنے والے پوڈ کاسٹ کا ایک ٹیزر بھی جاری کیا۔ اس ٹیزر پر ردعمل دیتے ہوئے ایک سوشل میڈیا صارف نے ہارون رشید سے سوال کیا، کیا آپ نے پریانکاچوپڑا سے سے بالا کوٹ واقعے سے متعلق سوال پوچھا؟
اس سوال کے جواب میں ہارون رشید نے جواب دیا پریانکا نے اپنی کتاب میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہم آہنگی پر بات کی ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان معاملات میں بہتری آئے گی۔ پریانکا نے کتاب میں بتایا کہ کس طرح پاکستانی برٹش ایئرویز کے ایک ایجنٹ نے ان کے والدین کو فلائیٹ پر سیٹ دی جب انہیں اس کی سخت ضرورت تھی۔ امید ہے دونوں ممالک ہمیشہ اس طرح گرم جوشی کا مظاہرہ کرسکتے ہیں۔
اگر آپ اس بارے میں مزید جاننا چاہتے ہیں کہ میں نے پریانکا کی خاموشی کے بارے میں سوال پوچھا ہے یا نہیں تو آپ کو پورا انٹرویو دیکھنا پڑے گا جو اگلے ہفتے آئے گا۔
یاد رہے کہ خود کوامن کا سفیر کہنے اور دنیا بھر میں امن کا پیغام پھیلانے والی بالی ووڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا نے دو سال قبل 26 فروری 2019 کو بھارت کی جانب سے پاکستانی حدود بالاکوٹ میں جھوٹے سرجیکل اسٹرائیک کے دعوے کو نا صرف سراہا تھا بلکہ بڑھ چڑھ کرجنگ کی حمایت بھی کی تھی۔ جس پر لاس اینجلس میں ہونے والی ایک تقریب میں عائشہ ملک نامی پاکستانی خاتون نے پریانکا چوپڑا کو امن کی سفیر ہونے کے باوجود پاکستان کے خلاف جوہری جنگ کی حوصلہ افزائی کرنے پر ’منافق‘ قرار دیا تھا۔پریانکا چوپڑا نے جب بھری تقریب میں اپنی بے عزتی ہوتے دیکھی تو اور کچھ تو کر نہیں سکیں لیکن انتطامیہ سے کہہ کر خاتون کو خاموش کروادیا اور زبردستی مائیک چھین لیا تھا۔