لاہور،دنیا بھر میں مقبول کرپٹو کرنسی بٹ کوائن کی قیمت 50 ہزار ڈالر سے تجاوز کرگئی ۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق چند روز قبل دنیا کے امیر ترین شخص ایلن مسک کی گاڑیاں بنانے والی کمپنی ٹیسلا نے بتایا تھا کہ انہوں نے جنوری 2021 میں ڈیڑھ ارب ڈالر مالیت کی کرپٹو کرنسی خریدی ہے۔
ٹیسلا کے اعلان کے بعد بٹ کوائن کی قیمت میں بڑا اضافہ دیکھنے میں آیا اور ایک بٹ کوائن 44 ہزار ڈالر کی حد کو چھو گیا۔
اب کرپٹو کرنسی نے ایک اور سنگ میل عبور کر لیا ہے اور ایک بٹ کوائن کی قیمت 50 ہزار ڈالر سے بھی تجاوز کر گئی ہے یعنی پاکستانی کرنسی میں ایک بٹ کوائن کی قیمت 80 لاکھ روپے سے زائد ہو گئی ہے۔
منگل کے روز ٹریڈ کے دوران ایک بٹ کوائن کی قیمت 50 ہزار 191 ڈالر تک پہنچ گئی تھی، رواں برس بٹ کوائن کی قیمت میں 73 فیصد اضافہ دیکھا جا چکا ہے۔
گزشتہ برس کی آخری سہ ماہی میں بٹ کوائن کی قیمت میں 140 فیصد اضافہ دیکھا گیا تھا اور ایک کوائن 29 ہزار ڈالر تک پہنچ گیا تھا جبکہ چند روز قبل ہی بٹ کوائن کی قیمت 40 ہزار ڈالر تک جا پہنچی تھی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ دنیا کی بڑی کمپنیوں میں سے ایک ٹیسلا کی جانب سے بٹ کوائن میں سرمایہ کاری گیم چینجر ثابت ہو سکتی ہے۔