کراچی: انسداد دہشتگردی کی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ کا 3 روزہ جسمانی ریمانڈ دیتے ہوئے انھیں پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔
تفصیل کے مطابق پولیس کی جانب سے سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کو سخت سیکیورٹی کے حصار میں انسداد دہشتگردی کی عدالت کے روبرو پیش کیا گیا۔
تفتیشی افسر نے حلیم عادل شیخ کو انسداد دہشتگردی کی عدالت کے سامنے پیش کرتے ہوئے ان کا جسمانی ریمانڈ لینے کی استدعا کی۔ تاہم پی ٹی آئی رہنما کے وکیل کی جانب سے اس کی سختی سے مخالفت کرتے ہوئے کہا گیا کہ میرے موکل کیخلاف یہ درخواست مسترد کی جائے کیونکہ یہ کیس ہی نہیں بنتا۔
انسداد دہشتگردی کی عدالت نے سرکاری وکیل کا موقف درست سمجھتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما اور صوبائی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کو تین روزہ ریمانڈ پر پولیس کی حوالگی میں دیدیا۔
اس کے علاوہ عدالت کی جانب سے حلیم عادل شیخ کے ساتھیوں رمضان، محمود، عبدالحسیب اور غلام مصطفیٰ کا بھی تین روزہ ریمانڈ لے کر انھیں پولیس کے حوالے کرتے ہوئے انھیں 19 فروری کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز ضلع ملیر کے حلقہ پی ایس 88 میں ہونے والے ضمنی الیکشن کے دوران حلیم عادل شیخ کو ان کے ساتھیوں سمیت گرفتار کر لیا گیا تھا۔ ان پر الزام تھا کہ انہوں نے ووٹنگ کے عمل کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی تھی۔