نئی دہلی : انتہا پسند مودی سرکار کے دور میں انتہا پسند اقدامات سے اب مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کے ساتھ ساتھ ہندو بھی نہیں بچ سکیں ہیں۔
شہید بابری مسجد کے مقام پر رام مندر کی تعمیر کے لیے چندہ دینے والوں اور نہ دینے والوں کے گھروں پر الگ الگ نشانات لگائے جا رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست کرناٹک کے سابق وزیر اعلی ایس کمارا سوامی نے ان اقدامات کو 'نازی جرمنی' سے تعبیر کردیا ہے ۔
سوامی نے اپنی ایک ٹویٹ میں انتہا پسند تنظیم آر ایس ایس کو ان اقدامات کا ذمہ دار قرار دیا ہے ،انہوں نے مزید کہا کہ آر ایس ایس کی بنیاد بھی جرمنی کی نازی پارٹی کے وقت ہی رکھی گئی تھی۔
واضح رہے کہ تاریخی بابری مسجد کو شہید کیے جانے کے تین عشروں بعد بھارتی سپریم کورٹ نے ہندئوں کے حق میں فیصلہ سنایا تھا ۔
جبکہ مسلمانوں کے لیے ایک جگہ مختص کرکے وہاں مسجد کی تعمیر کی اجازت دی گئی تھی ۔ تاہم اس فیصلے کو بھارت کے تمام مسلمانوں نےماننے سے انکار کردیا تھا۔