کراچی: تحریک انصاف کے اپوزیشن رہنما حلیم عادل شیخ کیخلاف انسداد دہشتگردی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔ یہ مقدمات 16 فروری کو سرکاری مدعیت میں درج کیا گیا تھا۔
پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ کیخلاف ایف آئی آر نمبر 48/2021ء ضلع ملیر کے میمن گوٹھ تھانے میں درج کی گئی ہے۔ اس ایف آئی آر میں دہشتگردی کی دفعہ 7 اے ٹی اے سمیت دیگر شامل ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس حلیم عادل شیخ کو آج ریمانڈ کیلئے انسداد دہشتگردی کی عدالت کے روبرو پیش کرے گی۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز ضمنی الیکشن کے دوران ووٹنگ کے عمل میں مداخلت اور لوگوں کو ہراساں کرنے کے الزام میں حلیم عادل شیخ کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔
ان کیخلاف درخواست پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے دی گئی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ انتخابی عمل پر اثر انداز ہونے کی کوشش کر رہے ہیں۔ الیکشن کمیشن ان کیخلاف کارروائی کرنے کیلئے پولیس کو حکم دے۔
بعد ازاں الیکشن کمیشن نے پیپلز پارٹی کی درخواست کا نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر ایکشن لیا اور پولیس حکام کو حکم دیا کہ حلیم عادل شیخ کو حلقے سے نکال دیا جائے۔
پولنگ کے موقع پر پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی کے کارکنوں کے درمیان لڑائی جھگڑے اور مبینہ طور پر فائرنگ کرنے کے واقعات بھی سامنے آئے۔
حلیم عادل شیخ نے الزام عائد کیا تھا کہ پولیس کی موجودگی میں ان کی بلٹ پروف گاڑی پر فائرنگ کی گئی تاہم وہ محفوظ رہے۔
انہوں نے اپنے بیانات میں پیپلز پارٹی پر دھاندلی کے الزام بھی لگائے اور کہا کہ لوگوں کو ووٹ ڈالنے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔