نیویارک : امریکہ میں برفانی طوفان نے تباہی مچا دی ہے ، مختلف حادثات میں 6 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔
تفسیلات کے مطابق موسم کی شدت نے مختلف ممالک کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔ امریکا میں برفانی طوفان کے باعث مختلف ریاستوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے گرگیا۔
امریکی ریاست ٹیکساس میں درجہ حرارت منفی 22 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیاہے ۔امریکی صدر نے ٹیکساس میں ایمرجنسی نافذ کردی
ٹیکساس سمیت دیگر ریاستوں میں 50 لاکھ افراد کو بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے ۔
امریکی محکمہ شہری دفاع کا کہناہےکہ اب تک برفباری کے باعث مختلف حادثات میں 6 افراد کے ہلاک ہونے اور متعدد زخمی ہونے کی اطلاع ملی ہے ۔
دوسری جانب کئی ممالک میں بھی سردی کی لہر شدت اختیار کرگئی ہے ، ترکی کے شہر استنبول میں شدید برفباری کے باعث اسکول بند کر دیے گئے۔ ترکی کے شہر استنبول میں شدید برفباری سے سڑکوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے ،
یونان میں بھی سردی اور برفباری کا 15 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔ یونانی حکومت نے لوگوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کردی ہے ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز میں امریکی ریاستوں اور دیگر کئی ممالک میں سردی کی شدت میں مزید اضافہ متوقع ہے ۔ جس کے باعث کاروبار زندگی شدید متاثر ہوسکتے ہیں ۔