کراچی کیماڑی میں زہریلی گیس پھیلنے سے 6 افراد جاں بحق

کراچی کیماڑی میں زہریلی گیس پھیلنے سے 6 افراد جاں بحق
کیپشن: بندرگاہ پر کسی بحری جہاز سے کیمیکل نکالنے کے دوران ہوا میں گیس شامل ہوئی، متاثرین۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔اسکرین گریب

کراچی: کراچی کے علاقے کیماڑی میں پراسرار زہریلی گیس کے اخراج سے 6 افراد جاں بحق جبکہ 100 سے زائد متاثر ہوئے ہیں۔ گیس کہاں سے خارج ہوئی تاحال کچھ معلوم نہیں ہو سکا۔

پولیس کے مطابق ہسپتال پہنچنے والوں کو سانس لینے میں شدید دشواری کا سامنا ہے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی وفاقی وزیر علی زیدی، صوبائی وزیر سعید غنی، سماجی رہنما فیصل ایدھی و دیگر ہسپتال پہنچے اور صورتحال کا جائزہ لیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی زیدی کا کہنا تھا کہ نیوکلیئر بایولوجیکل کیمیکل ڈفینس کی ٹیم نے تحقیات شروع کر دی ہیں، زہریلی گیس کہاں سے آئی جلد معلوم ہوجائیگا۔

 

متاثرین کا کہنا ہے کہ بندرگاہ پر کسی بحری جہاز سے کیمیکل نکالنے کے دوران ہوا میں گیس شامل ہوئی۔ دوسری جانب ترجمان کے پی ٹی کے مطابق پورٹ پر کوئی ایسا جہاز نہیں لگا جس سے بو پھیلی ہو، تمام متاثرہ افراد کو روڈ سے اٹھایا گیا، پورٹ پر بو پھیلنے کی کوئی اطلاع نہیں جبکہ ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ متاثرہ افراد کے نمونے حاصل کر لئے ہیں جن کے مختلف ٹیسٹ کئے جائیں جس سے معلوم ہوسکے گا کہ کون سی گیس ہے جس سے اتنے لوگ مثاثر ہوئے۔

پولیس کی جانب سے بھی معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، زہریلی گیس سے متاثرہ تین افراد آئی سی یو میں داخل ہیں جبکہ ایک شخص وینٹی لیٹر پر وارڈ میں زیر علاج ہے۔