محمد بن سلمان تاریخی دورے پر پاکستان پہنچ گئے

06:00 PM, 17 Feb, 2019

اسلام آباد: پاکستان اور سعودی میں محبت، دوستی اور ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگیا۔ سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان تاریخی دورے پر آج پاکستان پہنچ گئے۔

تفصیلات کے مطابق،  نورخان ائربیس پہنچنے پر وزیراعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد کا استقبال کیا۔ شاہی مہمان کو جے ایف 17 تھنڈر فضائی سلامی پیش کرے گا۔ سعودی ولی عہد کی وزیراعظم سے ون آن ون ملاقات ہوگی۔ سعودی ولی عہد آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے بھی ملیں گے۔

واضح رہے کہ ولی عہد کی آمد سے پہلے 172 رکنی وفد نورخان ائربیس پہنچا، جس کی قیادت الباز نوبیرک کر رہے ہیں۔ سعودی وفد کی سیکیورٹی کی ذمہ داری ٹرپل ون بریگیڈ نبھائے گی۔ ائرڈیفنس کی ایک بیٹری فضائی نگرانی کرے گی۔ 12 ہزار سے زائد پولیس اور سیکیورٹی اداروں کے اہلکار ڈیوٹی دیں گے۔ ریڈ زون کو مکمل سیل کر دیا گیا جبکہ کل اسلام آباد میں عام تعطیل کی جائے گی۔ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کو تحفے میں دینے کیلئے پاکستانی آرٹسٹ رابعہ ذاکر نے پورٹریٹ تیار کیا ہے اور پشاور کے چاچا نورالدین نے کپتان چپل کے 4 جوڑے تیار کیے ہیں۔

یاد رہے کہ سعودی عرب پاکستان میں 20 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔ 2 سال میں 7 ارب اور 3 سال میں 12 ارب ڈالر کے معاہدے کیے جائیں گے۔ وزیراعظم عمران خان اور سعودی ولی عہد کی سربراہی میں معاہدوں پر عملدرآمد کے لیے مشترکہ رابطہ کونسل قائم کی جائے گی۔ تمام متعلقہ وزارتوں کے وزرإ کونسل کے ارکان ہوں گے۔

وفاقی وزیراطلاعات فواد چودھری کہتے ہیں سعودی عرب کی گزشتہ 10 برس میں یہ پاکستان میں سب سے بڑی سرمایہ کاری ہے۔ دو ارب ڈالر خوراک و زراعت اور دو ارب ڈالر کی سرمایہ کاری پاور سیکٹر میں ہو گی۔ سعودی سرمایہ کار اسپورٹس، میڈیا، سروسز، ہاؤسنگ، سیاحت، ثقافت اور پیٹرو کیمیکل کے شعبوں میں بھی سرمایہ لگائیں گے۔

سعودی عرب کی جانب سے بجلی کے 5 منصوبوں کیلئے 1 ارب 20 کروڑ 75 لاکھ ریال کے ایم او یو پر دستخط ہونگے۔ دیامر بھاشا ڈیم کے لئے 37 کروڑ 50 لاکھ سعودی ریال فراہم کئے جائیں گے۔ مہمند ڈیم کیلئے 30 کروڑ، شونتر منصوبے کیلئے 24 کروڑ 75 لاکھ ریال ملیں گے۔ جامشورو پاور پراجیکٹ کیلئے 15 کروڑ 37 لاکھ ریال فراہم کئے جائیں گے۔ ہوا سے بجلی بنانے اور شمسی توانائی کے منصوبوں کے معاہدے بھی ہوں گے۔

وفاقی وزیراطلاعات فواد چودھری کا کہنا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کے نئے دور کا آغاز ہو رہا ہے۔ پاکستان مشرق وسطیٰ میں اہم کھلاڑی کے طور پر ابھرا ہے۔ پاکستان نے عالمی مسلم تنازعات کے حل میں اہم کردار ادا کرنا ہے۔

مزیدخبریں