گوجرانوالہ، بھائی کی خودکشی کا صدمہ 2 بھائیوں کی جان لے گیا

10:03 AM, 17 Feb, 2018

گوجرانوالہ: گوجرانوالہ میں بھائی کی خودکشی کا صدمہ دو بھائیوں کی جان لے گیا ۔ تین بھائیوں کی ایک ساتھ موت پر اہل علاقہ بھی سو گوار ہو گئے۔ تھانہ صدرپولیس کے مطابق گوجرانوالہ کے علاقے الیاس کالونی میں ویلڈنگ کا کام کرنے والے 35 سالہ زاہد علی نے نامعلوم وجہ پر خودکشی کی تو اس کے اپنے چھوٹے اور بڑے بھائی یہ صدمہ براداشت نہ کر سکے اور وہ بھی تھوڑی ہی دیر بعد دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ زاہد کی موت کی خبر سنتے ہی اس کے بڑے بھائی 40 سالہ عباس علی کی حالت خراب ہو گئی جس کے بعد اسے اسپتال منتقل کیا جا رہا تھاکہ وہ راستے میں ہی دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گیا۔

زاہد اور عباس کی میتیں گھر پہنچی تو چھوٹا بھائی 28 سالہ صدام علی بھی دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق ہو گیا۔ تینوں بھائیوں کی ایک ساتھ ہلاکت کے باعث گھر میں کہرام مچ گیا۔

خودکشی کرنے والا زاہد ویلڈنگ کا کام کرتا تھا اور ایک بچی کا باپ تھا۔ متاثرہ خاندان کا کہنا ہے کہ خودکشی کی وجوہات کا انہیں علم نہیں ہے تاہم پولیس واقعے کی تفتیش کر رہی ہے۔

 

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں