کراچی: تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پہلے بھی نامناسب حالات میں فوجی عدالتوں کو قبول کیا آج ایک بار پھر حکومتی بل میں ترامیم کے ساتھ فوجی عدالتوں کو قبول کرنے پر مجبور ہیں۔
کراچی ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ حملوں میں بیرونی ہاتھ ملوث ہے، افغانستان کا امن ہم سے جڑا ہوا ہے وہاں امن ہوگا تو ہم امن میں رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے اندر بھی کمزوریاں ہیں، نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عمدرامد نہیں ہوا اور نہ ہی اکیسویں ترمیم پر علمدرامد ہوا، پانچ روز میں دس دھماکوں نے پورے ملک کو پریشان کردیا ہے، قوم اور حکومت کو ایک پیچ پر آنا ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیر خارجہ کہیں نظر نہیں آتا خارجہ پالیسی مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے، فوجی عدالتوں کی ضرورت حالات کی وجہ سے پیش آئی، گذشتہ دو سالوں میں حکومت نے کچھ نہیں کیا ہے بلکہ فوجی عدالتوں نے بہترین کام کیا ہے