پاکستان اور یو اے ای کے تعلقات کو مزید گہرا کرنے کا عہد: صدر مملکت آصف علی زرداری

10:50 PM, 17 Dec, 2024

اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے قومی دن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو مشکل وقت میں یو اے ای کی حمایت پر تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور یو اے ای کے درمیان تاریخی تعلقات ہیں اور دونوں ممالک کی اسٹریٹجک شراکت داری قابل اعتماد ہے۔

صدر زرداری نے کہا کہ یو اے ای پاکستان کا اہم اقتصادی شراکت دار ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تجارت مسلسل بڑھ رہی ہے۔ یو اے ای میں مقیم 18 لاکھ پاکستانیوں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنایا ہے اور پاکستان آئی ٹی، توانائی، زراعت، سیاحت اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے تیار ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی اقتصادی بحالی میں تیزی آ رہی ہے اور ملک میں سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول موجود ہے۔ وہ یو اے ای کے ساتھ متعدد معاہدوں سے دوطرفہ تعاون کو مزید گہرا کرنے کے خواہاں ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور یو اے ای کے دیرینہ تعلقات ہیں اور یو اے ای نے ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔ وزیراعظم نے یو اے ای کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام کے دوران یو اے ای نے اہم کردار ادا کیا، اور اس کی مدد کے بغیر پروگرام کی کامیابی ممکن نہ تھی۔

یو اے ای نے پاکستان میں صحت، تعلیم اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے اور پاکستان یو اے ای کی علاقائی سالمیت اور خود مختاری کی حمایت کرتا ہے۔
 

مزیدخبریں