کلاسن کی شاندار اننگز، جنوبی افریقہ نے پہلے ون ڈے میں پاکستان کو جیت کے لیے 240 رنز کا ہدف دے دیا

کلاسن کی شاندار اننگز، جنوبی افریقہ نے پہلے ون ڈے میں پاکستان کو جیت کے لیے 240 رنز کا ہدف دے دیا

پارل: جنوبی افریقہ نے پاکستان کو پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میں جیت کے لیے 240 رنز کا ہدف دے دیا۔ پروٹیز کی بیٹنگ پاکستان کے خلاف مشکلات کا شکار رہی، اور قومی ٹیم کے باؤلر آغا سلمان نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے ہنرک کلاسن 86 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جنہوں نے ذمہ دارانہ اننگز کھیل کر ٹیم کا مجموعہ 239 رنز تک پہنچایا۔

جنوبی افریقہ کے اوپننگ بیٹرز نے کچھ ابتدائی رنز بنائے، لیکن پھر مڈل آرڈر مکمل طور پر ناکام رہا۔ پروٹیز کی پہلی وکٹ 70 رنز کے سکور پر گری، جب ٹونی ڈی زورزی 33 رنز بنا کر آغا سلمان کا شکار بنے۔ اس کے بعد ریان رکلٹن (36)، راسی وینڈر ڈوسن (8) اور ٹرسٹن اسٹبز (1) بھی آغا سلمان کے سامنے بے بس نظر آئے۔

آغا سلمان نے اپنی گھومتی گیندوں سے جنوبی افریقی بیٹرز کو مشکلات میں ڈالا اور 4 کھلاڑیوں کو پویلین واپس بھیجا۔ اس موقع پر وکٹ کیپر بیٹر ہنرک کلاسن نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 86 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر پاکستان کے باؤلرز کے سامنے مزاحمت کی۔ انہوں نے کپتان ایڈن مارکرم کے ساتھ پانچویں وکٹ کے لیے 73 رنز کی اہم شراکت داری قائم کی۔ ایڈن مارکرم 35 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، اور کلاسن کو شاہین شاہ آفریدی نے پویلین کی راہ دکھائی۔

پاکستان کی جانب سے آغا سلمان نے 4 وکٹیں حاصل کیں، ابرار احمد نے 2، اور شاہین شاہ آفریدی اور سائم ایوب نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

قبل ازیں، پارل میں کھیلے جانے والے اس میچ میں جنوبی افریقہ کے قائم مقام کپتان ایڈن مارکرم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پروٹیز کے اہم کھلاڑی ٹیمبا باووما نے آرام کرنے کا فیصلہ کیا، جس کی وجہ سے جنوبی افریقہ کی بیٹنگ لائن کو اضافی دباؤ کا سامنا کرنا پڑا۔

مصنف کے بارے میں