راولپنڈی: ترکیہ کی قیادت میں ہونے والی ملٹی نیشنل اینٹی سب میرین وارفیئر مشق ’ماوی بلینہ‘ میں پاکستان کی بحریہ نے بھرپور شرکت کی۔ یہ مشق مشرقی بحیرہ روم میں منعقد کی گئی، جس میں 30 سے زائد بحری جہازوں، آبدوزوں، ہوائی جہازوں، ہیلی کاپٹروں اور ڈرونز نے حصہ لیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، اس مشق کا مقصد سب میرین آپریشنز اور اینٹی سب میرین وارفیئر کی مہارت کو مزید بہتر بنانا تھا۔ اس میں ترکیہ کے علاوہ نیٹو، امریکا، پاکستان، یونان اور آذربائجان کی بحری افواج اور اسپیشل آپریشن فورسز نے بھی حصہ لیا۔
پاکستان کی نمائندگی 29ویں اینٹی سب میرین میرینائزڈ اے ٹی آر اسکواڈرن نے کی، جو اس مشق میں شامل تھا۔ پاک بحریہ کی ترکیہ میں ہونے والی اس اہم مشق میں باقاعدگی سے شرکت دونوں ملکوں کے مابین بحری تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا اشارہ ہے۔
یہ مشترکہ مشقیں خطے میں امن، استحکام اور مشترکہ مفادات کے تحفظ کے لیے اہم کردار ادا کرتی ہیں، اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو فروغ دینے میں مددگار ثابت ہوتی ہیں۔