ہمیں صرف ڈی چوک کے خون کا انصاف چاہیے؛علی محمد خان

04:22 PM, 17 Dec, 2024

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: تحریک انصاف کے رہنما علی محمد خان نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ "ہمیں اور کچھ نہیں چاہیے، ہمیں صرف ڈی چوک کے خون کا انصاف چاہیے۔" انہوں نے کہا کہ سیاستدان گولی نہیں چلاتے، وہ بات چیت کرتے ہیں، اور ان کے دور میں پیپلز پارٹی اور جے یو آئی کے لانگ مارچ ہوئے، لیکن کسی پر بھی گولی نہیں چلائی گئی۔

علی محمد خان نے اس موقع پر کہا کہ "ہاتھ میں بندوق تھامے گھوڑے پر بیٹھ کر پاکستان آزاد نہیں ہوا تھا، قائداعظم نے اپنے سیاسی عزم اور جدوجہد سے پاکستان حاصل کیا تھا۔" ان کا کہنا تھا کہ "آج ہم یہ کہتے ہیں کہ اگر قائداعظم دو تو کام ہوگا، ہمیں شرم آنی چاہیے۔ ہمیں اپنے اندر سے منافقت کو ختم کرنا ہوگا، اور قوم کے لیے ہمیں متحد ہونا پڑے گا۔"

انہوں نے 16 دسمبر کو پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن قرار دیتے ہوئے کہا کہ "جب ہم نے مغربی پاکستان کو سیاسی حقوق نہیں دیے، تو انہوں نے بنگلہ دیش بنا لیا۔ اگر ہم نے انہیں حکومت بنانے کا حق دیا ہوتا تو کیا ہوتا؟"

علی محمد خان نے مزید کہا کہ "پورا لاہور بے نظیر بھٹو کے لیے نکلا تھا یا بانی پی ٹی آئی کے لیے۔" انہوں نے اپنے موقف کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ "الحمدللہ، ہمارے ہاتھ پر کسی کا خون نہیں، رینجرز کا شہید آپ کا بھی، ہمارا بھی شہید ہے۔"

آخر میں، علی محمد خان نے ایک بار پھر اپنے موقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ "ہمیں اور کچھ نہیں چاہیے، بس ڈی چوک کے خون کا انصاف چاہیے۔"

مزیدخبریں