آگ پر پانی ڈالنے کے لیے انا کا خول توڑنا ہوگا، شیر افضل مروت

آگ پر پانی ڈالنے کے لیے انا کا خول توڑنا ہوگا، شیر افضل مروت

اسلام آباد: پی ٹی آئی کے رہنما شیر افضل مروت نے قومی اسمبلی میں اپنے بیان میں کہا کہ "پوری قوم کی نظریں اس ایوان کی طرف ہیں، اور اس وقت ہم سب کا فریضہ ہے کہ ہم اس سیاسی بحران سے ملک کو نکالیں۔" انہوں نے کہا کہ "ہم سے بات کرنے کے لیے نہ تو افغانستان یا انڈیا سے کوئی آئیں گے، یہاں اس ایوان میں اتنے بڑے لوگ موجود ہیں کہ ہم آپس میں بات چیت کے ذریعے حل نکال سکتے ہیں۔"

شیر افضل مروت نے خواجہ آصف کے بارے میں کہا کہ "میرے دل میں ان کے لیے بڑا احترام ہے، لیکن ان کی زبان کبھی کبھار آ گ بھی اگلتی ہے۔" انہوں نے مزید کہا کہ "ہمیں اس بحران سے نکلنے کے لیے ایک ایسا راستہ تلاش کرنا ہوگا جو تمام فریقوں کو تسلیم ہو، اس کے لیے ایوان میں کمیٹی بنانا ضروری ہے۔"

رہنما پی ٹی آئی نے اس بات کا اظہار کیا کہ "مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم کے ایم این ایز یہاں موجود ہیں، اور ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ اس ملک کو غیر یقینی صورتحال سے نکالنے کے لیے سنجیدہ قدم اٹھائیں۔ اگر ہم اپنی انا کو ایک طرف رکھ کر آگ پر پانی ڈالنے کے لیے تیار ہوں تو یہ ملک کے مفاد میں بہتر ہوگا۔"

شیر افضل مروت نے کہا کہ "عوام نے ہمیں ایوان میں بھیجا ہے، لیکن میرے حلقے میں طالبان کا قبضہ ہے، وہاں بدامنی اور مہنگائی بڑھ رہی ہے، جس کی وجہ سے میں اپنے علاقے میں نہیں جا سکتا۔"

انہوں نے مزید کہا کہ "خواجہ آصف نے کل کہا تھا کہ پی ٹی آئی کو پہل کرنی ہوگی، لیکن ہم نے پہلے ہی ایک مذاکراتی کمیٹی قائم کی ہوئی ہے۔ اب رانا ثناء اللہ، پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم اور دیگر سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر ایک کمیٹی تشکیل دیں تاکہ ہم اس بحران کو بات چیت کے ذریعے حل کر سکیں۔"

مصنف کے بارے میں