کمال احمد رضوی کی وفات کو 9 سال گزر گئے، "الف نون" کے "الن" کا کردار آج بھی یادگار

کمال احمد رضوی کی وفات کو 9 سال گزر گئے،

لاہور: معروف ڈرامہ نگار، مصنف اور اداکار کمال احمد رضوی کو ہم سے بچھڑے 9 برس گزر چکے ہیں، لیکن ان کا کردار "الن" جو انہوں نے پاکستان ٹیلی ویژن کے مشہور ڈرامہ  "الف نون" میں ادا کیا، آج بھی مداحوں کے دلوں میں زندہ ہے۔

کمال احمد رضوی 1930ء میں پیدا ہوئے اور قیام پاکستان کے بعد 19 سال کی عمر میں پاکستان آ گئے۔ 70 کی دہائی میں "الف نون" میں "الن" کے کردار سے انہوں نے اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے اور پورے ملک میں شہرت حاصل کی۔ اس کردار نے انہیں ناظرین میں بے پناہ مقبولیت دلائی اور ان کی شخصیت کو گھر گھر پہنچا دیا۔

کمال احمد رضوی نہ صرف ایک بہترین اداکار تھے بلکہ ایک کامیاب مصنف اور ہدایت کار بھی تھے۔ انہوں نے کئی کامیاب ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے اور تحریری میدان میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ ان کے مشہور ڈراموں میں "مسٹر شیطان", "آدھی بات", "بادشاہت کا خاتمہ", "کھویا ہوا آدمی", "خوابوں کے مسافر", "صاحب بی بی غلام" اور "چور مچائے شور"شامل ہیں۔

'الف نون' کی کامیابی کے بعد کمال احمد رضوی کی شہرت نہ صرف پاکستان بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی پھیل گئی۔ ان کی تخلیقی صلاحیتوں اور فنکارانہ کام نے انہیں پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کا ایک اہم ستون بنا دیا۔

کمال احمد رضوی کو شوگر کا عارضہ لاحق تھا اور دوران علاج 17 دسمبر 2015ء کو انہیں دل کا دورہ پڑا، جو ان کے لیے جان لیوا ثابت ہوا۔

85 برس کی عمر میں ان کا انتقال ہوا، جس سے نہ صرف ڈرامہ انڈسٹری بلکہ مزاح نگاری کی دنیا میں ایک بڑا خلا پیدا ہو گیا۔ تاہم، ان کی تخلیقات اور فن ہمیشہ کے لیے ان کے مداحوں کے دلوں میں زندہ رہیں گے۔ ان کا کام پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کا قیمتی ورثہ ہے، جسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

مصنف کے بارے میں