کوئٹہ : صوبے میں شدید سردی کی لہر کے باعث درجہ حرارت منفی چھ ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کے بعد 18 انچ قطر کی گیس پائپ لائن منجمد ہو گئی، جس کے نتیجے میں گیس کی فراہمی متاثر ہوئی ہے۔ سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) کے مطابق ریگولیٹرز آئسنگ کی وجہ سے گیس کی سپلائی میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔
کوئٹہ، پشین، کچلاک، بوستان اور زیارت جیسے علاقوں میں گیس کی فراہمی متاثر ہو چکی ہے۔ ایس ایس جی سی کے ترجمان نے بتایا کہ پائپ لائن کی پریشر سیٹ 130 پی ایس آئی کے بجائے صرف 20 پی ایس آئی پر کام کر رہی ہے، جس سے گیس کی فراہمی میں خلل آ رہا ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ سوئی سدرن کی تکنیکی ٹیمیں صبح 6 بجے سے گیس پائپ لائن کو بہتر کرنے کے لیے کام کر رہی ہیں اور جلد ہی سپلائی بحال کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔
دوسری جانب، محکمہ موسمیات نے بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی ہے، جس کے باعث گیس کی فراہمی اور دیگر سہولتوں پر مزید دباؤ بڑھنے کا امکان ہے۔