ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کا امکان

11:07 AM, 17 Dec, 2024

نیوویب ڈیسک

لاہور : محکمہ موسمیات نے آج سے ملک کے مختلف حصوں میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔ محکمہ کے مطابق، ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا، جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سردی اور جزوی طور پر ابر آلود موسم کی توقع ہے۔

اسلام آباد اور اس کے گرد و نواح میں موسم سرد رہنے کا امکان ہے، اور مطلع جزوی ابر آلود ہو سکتا ہے۔ بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں سرد اور خشک موسم رہے گا، جب کہ پہاڑی علاقوں میں شدید سردی کی صورتحال ہوگی۔ میدانی علاقوں میں جھکڑ یا تیز ہواؤں کا سامنا بھی ہو سکتا ہے۔پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم سرد اور خشک رہے گا، اور مری، گلیات اور اس کے ارد گرد شدید سردی اور جزوی طور پر ابر آلود موسم کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

سندھ میں زیادہ تر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا، تاہم صبح کے اوقات میں سکھر، شکارپور، کشمور، خیر پور اور گرد و نواح میں ہلکی دھند کی توقع ہے۔ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا، لیکن پہاڑی علاقوں میں شدید سردی اور جزوی طور پر ابر آلود موسم کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ چترال، دیر، سوات اور کرم میں ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری بھی متوقع ہے۔ کشمیر میں شدید سردی اور جزوی ابر آلود موسم رہے گا، جبکہ گلگت بلتستان میں بھی مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

مزیدخبریں