غلط بات پر پاکستان کسی کو بھی منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے: شازیہ مری

05:52 PM, 17 Dec, 2022

نیوویب ڈیسک

کراچی: وفاقی وزیر شازیہ مری نے کہا کہ غلط بات پر پاکستان کسی کو بھی منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔ وزیر خارجہ کیساتھ اظہار یکجہتی کیلئے سب کو اکٹھا ہونا چاہیے ۔

نیوز کانفرنس کرتے ہوئے شازیہ مری نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے بھارت کو جواب دینے میں کوئی غلطی نہیں کی ، پاکستان کو اگر تھپٹر مارا گیا تو جواب میں پاکستان بھی ایسا ہی کریگا ۔ بلاول بھٹو نے جواباً بھارت کو تھپڑ مارا ہے ۔ نریندر مودی کے کہنے پر گجرات میں مسلمانوں کے خون کی ندیاں بہائی گئیں تھیں ۔ ہم بھارت کا ہر فورم پر مقابلہ کرینگے ۔

انہوں نے کہا کہ افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ مسلمانوں کو ٹیررازم کے ساتھ جوڑا جارہا ہے ۔ بھارت ہر بار ایک نیا الزام پاکستان پر عائد کردیتا ہے ۔ ہم ایک دوسرے سے لڑنے کے بجائے ایک دوسرے سے روابط میں رہیں ۔ ہم دہشتگردی کے دروازے نہیں کھولنے دینگے ۔

شازیہ مری نے کہا کہ ہم نے جموں وکشمیر کا مقدمہ ہر فورم پر اٹھایا ، کشمیر وہ ایشو ہے جو بہت پہلے حل ہوجانا چاہیے تھا ، کشمیر میں کشمیری عورتوں کی بے حرمتی کی جارہی ہے ۔ نریندر مودی کبھی کسانوں پر دھاوا بولتے ہیں کبھی طلبا پر ۔ 

وفاقی وزیر نے کہا کہ جموں وکشمیر کی پارٹیشن غلط کی گئی تھی ، گاندھی نے کہا تھا جموں و کشمیر کے لوگوں کو اپنے رائے کیلئے فیصلہ کرنے کا حق دیا جائے ۔ کشمیر کے معاملے پر بھارت میں گاندھی کے پیروکار اور نریندر مودی کے حمایتیوں میں فرق کیا جارہا ہے ۔

مزیدخبریں