سردیوں میں گھروں کو گیس دینے کا حکومتی وعدہ بھی جھوٹ نکلا، شہباز شریف

05:01 PM, 17 Dec, 2021

لاہور: صدر مسلم لیگ ن اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت کا ایک اور وعدہ جھوٹ ثابت ہوا۔

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے ملک میں گیس کے شدید بحران پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا کہ سردیوں میں گھروں کو گیس دینے کا حکومتی وعدہ بھی جھوٹ نکلا کیونکہ حکومت نے وعدہ کیا تھا کہ گھریلو صارفین کو کم از کم تین اوقات گیس فراہم ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی مجرمانہ غفلت کے نتیجے میں عوام کھانا پکانے سے بھی محروم ہو چکے ہیں اور بچے بھوکے پیٹ اسکول جانے پر مجبور ہیں لیکن حکومت کو احساس ہی نہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان کی نااہلی اور کرپشن کی وجہ سے پورے ملک سے گیس غائب ہے جبکہ حکومت کا دعویٰ تھا کہ برآمدی صنعت کی خاطر لوکل صنعت کو گیس فراہمی بند کر رہے ہیں۔ لوکل تو کیا برآمدی صنعت کو بھی گیس بند ہے جبکہ یہ نالائقی اور کرپشن نہیں تو اور کیا ہے ؟ صنعتوں کو گیس نہیں ملے گی تو بے روزگاری مزید بڑھے گی۔

صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ صنعتوں کو گیس نہیں ملے گی تو ٹیکس کہاں سے وصول ہوں گے ؟ گیس کا بحران سراسر پی ٹی آئی حکومت کی کرپشن اور نااہلی نے پیدا کیا۔

مزیدخبریں