اسلام آباد میں ہفتہ اور پیر کو لوکل چھٹی ہوگی ، شیخ رشید

12:00 PM, 17 Dec, 2021

اسلام آباد : وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید نے ہفتہ اور پیر کو اسلام آباد میں لوکل چھٹی کا اعلان کردیا ۔انہوں نے کہا کہ ٹی ٹی پی کے معاملے پر بہتری ہوگی ۔ ان کا کہنا تھا کہ  افغانستان کے موضوع پر اوآئی سی کانفرنس خطے میں تاریخی کردارادا کرے گی ۔

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ او آئی سی کانفرنس کے انعقاد کے موقع پر اسلام آبا د میں ٹیلی فون بند نہیں کئے جارہے ۔ انہوں نے کہا کہ  میڈیا ہاؤسز کی طرف سے درخواست کی گئی تھی کہ ٹیلی فون بند نہ کئے جائیں اس سے ہمارے لئے مسائل پیدا ہوں گے جس پر یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ اسلام آباد میں فون بند نہیں کئے جائیں گے ۔

شیخ رشید نے کہا کہ اسلام آباد میں  ہفتہ اور پیر کو لوکل چھٹی ہوگی ۔ کابینہ کسی بھی وقت اس چھٹی کا باقاعدہ اعلان کرسکتی ہے ۔ شیخ رشید نے کہا کہ ہماری پوری کوشش ہے کہ مہمانوں کاخاطرخواہ خیال رکھیں اور مہمانوں کی خدمت میں کوئی کمی نہ رہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں افغانستان کے ایشو پر او آئی سی کی کانفرنس تاریخی کردار ادا کرے گی ۔ افغانستان پر ہونے والی کانفرنس کا فیصلہ عمران خان حکومت نے کیا اور اس کا کریڈٹ پی ٹی آئی حکومت کو جاتا ہے  ۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ٹی ٹی پی کے مسئلے پرانشاء اللہ بہتری ہوگی اس پر جلد انفارمیشن منسٹری بیان جاری کرے گی ۔

مزیدخبریں