گوجرہ : موٹروے ایم فور پر کارمیں لڑکی سے مبینہ اجتماعی زیادتی کے کیس میں نیا موڑ آگیا ۔مبینہ متاثرہ لڑکی اور مدعی لوگوں کو پھنسا کر پیسے بٹورتے تھے ۔
تفصیلات کے مطابق موٹر وے ایم فور پر کارمیں مبینہ طور پر لڑکی سے اجتماعی کیس میں حیران کن پیش رفت ہوئی ہے ۔ ڈی ایس پی گوجرہ وقار احمد نے پریس کانفرنس میں کئی اہم انکشافات سامنے رکھ دیئے ۔
وقار احمد نے انکشاف کیا کہ مبینہ متاثرہ لڑکی اور مدعی مقدمہ لوگوں کو پھنساکر پیسے بٹورتے تھے، متاثرہ لڑکی اور مدعی مقدمہ بین الاضلاعی گینگ کے رکن بھی ہیں۔
ڈی ایس پی کے مطابق مبینہ متاثرہ خاتون اور مدعی مقدمہ نے منصوبہ بنا کر زیادتی کیس کا مقدمہ درج کرایا تھا اور ملزمان سے 50 لاکھ روپے طلب کیے تھے، ان کا گروہ 2 مقدمات میں لوگوں سے بھاری رقوم حاصل کر چکا ہے۔
یاد رہے کہ اجتماعی زیادتی کا مقدمہ 10 اکتوبر کو تھانہ سٹی میں متاثرہ لڑکی کی خالہ کی مدعیت میں درج کرایا گیا تھا۔لڑکی کی خالہ نے بتایا کہ بھانجی کو فون پر میسج کرکے انٹرویو کے لیے گوجرہ بلوایا گیا تھا، ٹوبہ ٹیک سنگھ سےگوجرہ پہنچنے پر ملزمان نےکہا بھانجی کو گاڑی میں ساتھ بھیج دیں۔
لڑکی کی خالہ نے ایف آئی آر میں بتایا کہ جس گاڑی میں بھانجی کو لے جایا گیا اس میں ایک خاتون اور2 مرد تھے، ملزمان نے موٹر وے پر میری بھانجی کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا اور اسے فیصل آباد انٹرچینج پرپھینک کر چلےگئے تھے ۔