اسلام آباد: ملک بھر میں شدید سردی کی لہر جاری ہے .
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران گلگت بلتستان ، کشمیراوراس سے ملحقہ علاقوں میں چند مقامات پرتیزہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے۔
دوسری جانب گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بالائی علاقوں میں ہلکی برفباری کاسلسلہ بھی جاری رہا ،شمالی بلوچستان میں خون جمادینے والی سردی کا راج ہے۔جبکہ پنجاب کے میدانی علاقوں میں دھند چھائی رہی ، حدنگاہ کم ہونے کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر رہی ۔ موٹر ویز کو مختلف مقامات پر بند کردیا گیا جبکہ لاہور سمیت مختلف شہروں میں ریلوے اور فضائی نظام بھی متاثر ہوا ہے۔لاہور آنیوالی 4 پروازوں کو اسلام آباد کی جانب موڑ دیا گیا۔سیالکوٹ ایئرپورٹ پر بھی پروازوں کا شیڈول بھی متاثر ہے۔ دھند کے باعث ریلوے کا نظام بھی متاثر ہوا ہے، کراچی اور کوئٹہ سے آنے والی ٹرینیں دھند کے باعث تاخیر کا شکار ہیں۔
پنجاب بھر میں شدید دھند کے باعث ٹریفک حادثات میں بھی اضافہ ہوا ہے ۔فیصل آباد اور بہاولپور میں ٹریفک حادثات میں5 جاں بحق اور آٹھ افراد زخمی ہو گئے۔
علاوہ ازیں پنجاب کے مختلف شہروں میں دھند کے ساتھ سموگ بھی برقرار ہے جس کے باعث مختلف شہروں میں آلودگی کی بدترین صورتحال ہے۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں لاہور کا دوسرا نمبر تھا، جبکہ فیصل آباد اور بہاولپور میں بھی ائیر کوالٹی کی صورتحال تسلی بخش نہیں ہے ۔