ممبئی: بھارتی ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں پہلی گیند کا سامنا کرنے والا کرکٹر سڑک کنارے بھیک مانگتا ہوا انتقال کرگیا تھا ۔ جناردن گیانو بانویلے
صرف دوٹیسٹ ہی کھیل سکے تھے ۔
بھارتی ویب سائٹ کے مطابق بھارتی کرکٹ ٹیم نے 1932 میں لارڈز کے میدان پر انگلینڈ کے خلاف اپنا پہلا ٹیسٹ کھیلا تھا ۔ ہندوستان کی طرف سے ٹیسٹ تاریخ میں پہلی گیند کا سامنا جناردن گیانوبا نویلے نے کیا ۔ نویلے ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے پہلے ٹیسٹ وکٹ کیپر تھے ۔ انہوں نے بھارت کی طرف سے دو ٹیسٹ میچ کھیلے تھے ۔
جناردن گیانوبا نویلے سات دسمبر 1902 میں مہاراشٹر کے گاؤں پھول میں ایک کسان گھرانے میں پیدا ہوئے ۔ صرف 16 سال کی عمر میں انہوں نے فرسٹ کلاس ڈیبیو کیا ۔ پانچ فٹ چار انچ کا یہ کرکٹر شاندار وکٹ کیپر تھا ۔ ہندوستان کے پہلے ٹیسٹ میچ میں انہوں نے پہلی اننگز میں 12 اور دوسری اننگز میں 13 رن بنائے ۔ اس کے بعد وہ ٹیم سے باہر ہوگئے ۔ انہوں نے دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ تقریبا ڈیڑھ سال بعد انگلینڈ کے خلاف ممبئی میں کھیلا ۔ دو ٹیسٹ میچوں میں وہ 42 رن بناسکے ۔ حالانکہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں گیانوبا کا ریکارڈ اچھا تھا ۔
انہوں نے 65 میچوں میں 1976 رن بنائے ، جس میں نو نصف سنچریاں تھیں ۔ وکٹ کیپر کے طور پر انہوں نے 101 کیچ پکڑے اور 36 اسٹمپنگ کی ۔ کرکٹ سے الگ ہونے کے بعد انہوں نے پونا میں ایک شوگر مل میں سیکورٹی گارڈ کی نوکری کرلی ۔ پونا میں ان کے پاس دو کمرے کا ایک چھوٹا سا فلیٹ تھا اور پھر گذرتے وقت کے ساتھ ان کا اپنے ہم عصر کرکٹروں سے رابطہ ٹوٹتا چلا گیا ۔
ویب سائٹ کا کہنا ہے کہ آخری ایام میں ان کے پاس پیسے کی کافی تنگی تھی ۔ اس زمانہ میں بی سی سی آئی بھی آج کی طرح پرانے ٹیسٹ کرکٹروں کی کوئی اقتصادی مدد نہیں کرتا تھا ۔ آخری دنوں میں انہیں ممبئی پونا ہائی وے پر بھیک مانگتے ہوئے دیکھا گیا ۔ اسی حالت میں سات ستمبر 1979 میں پونے میں ان کی موت ہوگئی تھی ۔