لاہور: معاون خصوصی وزیر اعلی پنجاب فردوس عاشق اعوان نے کہا - راجکماری نے شاہی محل میں جھوٹ کے انبار لگا دیئے کیونکہ راجکماری کو ایسی جمہوریت پسند نہیں جس میں وہ حکومت میں نہ ہوں کیونکہ یہ وہی راجکماری ہے جو کہتی تھی کہ میری پاکستان سے باہر تو کیا پاکستان میں بھی کوئی جائیداد نہیں- عمران خان نے 22 سالہ جمہوری جدوجہد کے ذریعے عوام کو گلے سڑے نظام اور شاہی خاندان کی نسل درنسل غلامی سے نجات دلائی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن میں فرق یہ ہے کہ ان کا لیڈر عدالت کا سرٹیفائیڈ چور اور ڈاکو ہے جبکہ ہمارے وزیراعظم کو عدالت نے ہی صادق اور امین قرار دیا ہے- نسل درنسل کرپشن کی ٹرافیاں ، گھوسٹ کمپنیاں اور ٹی ٹیز راجکماری کے خاندان کا طرہ امتیاز ہے جبکہ عمران خان نے ان کی طرح نہ اقرباء پروری کی اور نہ اپنے خاندان کو پالا بلکہ دو خاندانی نظام کے حکومتی نظام کو عوام کی طاقت سے تہس نہس کر دیا-
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مریم نواز کو اڑھائی سال بعد یاد آیا ہے کہ یہ دھاندلی زدہ حکومت ہے اور مریم نواز اپنے اقتدار کو ہی جمہوریت سمجھتی ہیں- وہ اس امر کا جواب دیں کہ انہوں نے اپنی کنیزوں سمیت آج سے چند ماہ پہلے تک خاموشی کا روزہ کیوں رکھا ہوا تھا- عمران خان الیکٹورل پراسیس میں ریفارمز لانے کے خواہاں ہیں مگر گیارہ جماعتوں کا بے روزگار ٹولہ ان ریفارمز سے لاتعلقی کا مظاہرہ کر رہا ہے-
انہوں نے کہا کہ سینٹ میں واضح اکثریت پی ٹی آئی کا حق ہے اور اپوزیشن شو آف ہینڈ کے ذکر سے ہی بلبلا اٹھی ہے کیونکہ نواز شریف چھانگا مانگا کی سیاست اور چمک کے داو پیج سے ہارس ٹریڈنگ کرنے اور اداروں کو یرغمال بنانے میں یدطولی رکھتے ہیں- انہوں نے کہا کہ یہ اعزاز راجکماری کے چچا کا ہی ہے کہ ان کی جج کو اپنی مرضی کا فیصلہ حاصل کرنے کے لئے کئے گئے فون کی ٹیپ مارکیٹ میں ہر جگہ عام ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت اداروں کو آئین و قانون کے تابع بنانے کے عزم پر قائم ہے اور ہم آئین سے باہر کوئی قدم نہیں رکھیں گے اور سپریم کورٹ سے شو آف ہینڈ کے ذریعے سینٹ کے الیکشن کے انعقاد کے حوالے سے رہنمائی طلب کی گئی ہے-