وزیراعظم نے آزاد کشمیر کے عوام کو قومی صحت کارڈ دینے کا اعلان

07:56 PM, 17 Dec, 2020

اسلام آباد: وزیراعظم نے آزاد کشمیر کے عوام کو قومی صحت کارڈ دینے کے حوالے سے بڑا اعلان کر دیا۔ ذرائع کے مطابق آزاد کشمیر کے دس اضلاع میں سو فیصد شہریوں کو قومی صحت کارڈ فراہم کئے جائیں گے جبکہ بارہ لاکھ خاندانوں کے لئے کل سے صحت کارڈ بننا شروع ہو جائیں گے۔ وزیراعظم عمران خان نے صحت کارڈز کی فراہمی کا اعلان باضابطہ طور پر کل کریں گے۔

اس حوالے سے یہ تقریب کل شام ساڑھے چار بجے وزیراعظم ہاوس میں ہو گی۔ تقریب میں وزیراعظم آزاد کشمیر فاروق حیدر اور وزیر صحت سمیت متعلقہ حکام بھی شریک ہوں گے۔ اس کے علاوہ علی امین گنڈا پور، حفیظ شیخ اور اسد عمر بھی تقریب میں شریک ہوں گے۔ 

ذرائع کے مطابق قومی صحت کارڈ پر ملک کے 350 ہسپتالوں میں مفت علاج ہو گا اور اس کے علاوہ آزاد کشمیر کے گیارہ ہسپتالوں کو بھی پینل میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور وہاں پر بھی مفت علاج ہو گا۔ آزاد کشمیر کے ضلع مظفر آباد، باغ، میر پور، کوٹلی، ہٹیاں بالا ، نیلم، بھمبھر، حویلی، پونچھ، سدھنوتی میں بھی قومی صحت کارڈ پر مفت علاج ہو سکے۔

اس پروگرام کی وجہ سے آزاد کشمیر کے تمام ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔ حکومت کی جانب سے فراہم ہونے والے کارڈ پر ہر خاندان کے کم از کم چھ افراد علاج کروا سکیں گے۔ صحت کارڈ کے تحت ہارٹ سرجری سمیت تمام آپریشنز بھی مفت ہوں گے جبکہ کارڈ پر صرف داخل ہونے والے مریض مستفید ہو سکیں گے۔ 

مزیدخبریں