ابوظہبی: پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے متحدہ عرب امارات کے وزیراعظم اور دبئی کے فرمانروا شیخ محمد بن راشد المختوم سے ملاقات کی ہے۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی ، اقتصادی و معاشی تعاون کے فروغ کے لئے تبادلہ خیال کیا گیا۔
شاہ محمود قریشی نے وزیراعظم اور پاکسان کی قیادت کی جانب سے متحدہ عرب امارات کی قیادت اور عوام کے لئے نیک خواہشات کا پیغام دیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ دونوں اسلامی ممالک کے درمیان مذہبی، تاریخی اور تہذیبی بنیادوں پر تعلقات استوار ہیں۔ پاکستان کثیر الجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تجارتی اور معاشی تعاون کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔
انہوں نے مزید کہا متحدہ عرب امارات میں مقیم لاکھوں پاکستانی کئی دہائیوں سے یو اے ای کی تعمیر و ترقی میں اپنا بھر پور کردار ادا کر رہے ہیں۔ آئندہ سال دبئی میں منعقد ہونیوالی ایکسپو 2020 میں پاکستانی پویلین ، متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے درمیان دہائیوں پر محیط دوستی کا مظہر ہو گا۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماوں کے مابین پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان زراعت کے شعبے میں مزید تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ شاہ محمود قریشی نے دبئی کے فرمانروا کو متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں کو درپیش مشکلات سے بھی آگاہ کیا اور ان معاملات کو جلد حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔
ؤ
اس سے قبل شاہ محمود قریشی نے متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبیدابراہیم کی دبئی میں ملاقات ہوئی جس میں دو طرفہ تعلقات اور مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی۔