گوجرانوالہ، لنڈا بازار میں آتشزدگی، کروڑوں کا نقصان

09:02 AM, 17 Dec, 2019

گوجرانوالہ: گوجرانوالہ کے لنڈا بازار میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے 100 سے زائد دکانوں اور اسٹالز کو لپیٹ میں لے لیا۔ آتشزدگی کے باعث ٹرینوں کی آمد و رفت بھی روکنا پڑی۔ ریسکیو حکام نے آگ پر قابو پالیا اور کولنگ کا عمل جاری ہے۔

گوجرانوالہ کے علاقہ شیرانوالہ باغ کے قریب لنڈا بازار میں اچانک آگ بھڑک اٹھی تھی۔ چند ہی منٹوں میں متعدد دکانیں و اسٹالز آگ کی لپیٹ میں آگئے اور ان میں موجود کروڑوں کا سامان جل کر راکھ ہو گیا۔

اطلاع ملنے پر ریسکیو کی 10 گاڑیاں موقع پر پہنچیں اور ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے 4 گھنٹے مسلسل آپریشن کے بعد آگ پر قابو پا لیا۔

عینی شاہدین کے مطابق آگ بازار کے اوپر گزرنے والی بجلی کی تاروں میں شارٹ سرکٹ ہونے کے باعث لگی، جلنے والے سامان میں کپڑے، جوتیاں اور دیگر سامان شامل ہیں۔

ریلوے ٹریک کے قریب آتشزدگی کے باعث ٹرینوں کی آمد و رفت بھی روکنا پڑی۔ آگ پر قابو پانے کے بعد ٹریک کو بھی بحال کر دیا گیا۔

مزیدخبریں