اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی علی نواز اعوان نےپمز ہسپتال کا دورہ کیا اور نجی ٹی وی چینل کے کیمرہ مین واجد علی کی عیادت کی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے معاون خصوصی علی نواز اعوان نےپمز ہسپتال کا دورہ کیا ، اس موقع پر علی نواز اعوان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف کے سکیورٹی گارڈز کی جانب سے پارلیمنٹ ہاﺅس میں کیمرہ مین واجد علی پر بیہمانہ تشدد کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ سپیکر قومی اسمبلی نے واقعہ کا نوٹس لیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس ذہنیت کے خلاف ہم نے جدوجہد کی ہے، واجد علی اور میڈیا اپنی ذمہ داری سرانجام دے رہا تھا، پاکستان میں اب بادشاہت نہیں بلکہ عوام کی حکومت ہے۔ انہوں نے کہا کہ واجد علی پر تشدد کے ِخلاف ایف آئی آر درج ہو گی اور انصاف ہو گا۔