اسلام آباد :نواز شریف نے اپنے ہی گارڈ کیخلاف ایکشن لیتے ہوئے کہا کہ یہ انتہائی افسوسناک واقعہ ہے ،انہوں نے کہا میں اپنے سٹاف میں کوئی ایسا شخص برداشت نہیں کرو نگا جو اس قسم کارو یہ اختیار کرے،نوازشریف کے پارلیمنٹ سے واپسی پر کیمرہ مین فوٹیج بنانے کی کوشش کر رہا تھا سابق وزیر اعظم کے گاڑی میں بیٹھتے ہی سکیورٹی گارڈ نے کیمرہ مین کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا ۔
پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر کوریج کیلئے آنے والے کیمرہ مین واجد علی پر نواز شریف کے سکیورٹی گارڈ کا انتہائی ظالمانہ تشدد کیمرے کی ہی آنکھ نے محفوظ کر لیا ،نواز شریف نے گارڈ کا کیمرہ مین پر تشدد کیخلاف سخت نوٹس لے لیا ،کیمرہ مین کے علاج معالجے کیلئے پارٹی رہنماﺅں کو خصوصی ہدایات جاری کیں ،سابق وزیر اعظم نے کہا کہ میں ذاتی طور پر اور مسلم لیگ ن صحافیوں کا بے حد احترام کرتے ہیں ،ان کا کہنا تھا کہ اس قسم کا واقع ناقابل یقین اور انہتائی افسوسناک ہے ،آئندہ اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ ایسا کوئی واقعہ نہ ہو ۔
اطلاعات کے مطابق نواز شریف جب پارلیمنٹ ہاﺅس سے باہر آکر گاڑی میں سوا ر ہو رہے تھے تو رپورٹر اور کیمرہ مین فوٹیج بنانے کی کوشش کر رہے تھے ،سابق وزیر اعظم کے گاڑی میں بیٹھتے ہی گارڈ نے کیمرہ مین پر حملہ کیا اور اس بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنا یا ،فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے گارڈ نے بھا گ کر آتے ہوئے زمین پر گرے کیمرہ مین پر فلائنگ کک بھی ماری جس سے کیمر ہ مین کی ناک پر شدید چوٹیں آئیں ۔
دوسری طرف صحافیوں نے احتجاج کرتے ہوئے پارلیمنٹ کا گیٹ نمبر 5بھی بند کر دیا ،اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے واقع کا نوٹس لیتے ہوئے سکیورٹی گارڈ کیخلاف ایف آئی آر درج کرنے کا بھی حکم دیدیا ۔