ہمسائے کی بلی کو 15 ویں منزل سے نیچے پھینکنے پر 64 سالہ شخص گرفتار

ہمسائے کی بلی کو 15 ویں منزل سے نیچے پھینکنے پر 64 سالہ شخص گرفتار
کیپشن: تصویر بشکریہ ہندوستان ٹائمز ٹوئٹر اکائونٹ

نئی دہلی:بھارت میں ایک 64 سالہ شخص کو اپنے ہمسائے کی بلی کو 15 ویں منزل سے نیچے گرانے پر گرفتار کرلیا گیا ہے۔

انڈین میڈیا رپورٹس کے مطابق 64 سالہ شخص کو کسروادیولی پولیس نے اس الزام میں گرفتار کیا کہ اس نے ہفتہ کی شام کو اپنی بلڈنگ کی 15 ویں منز ل کی بالکونی سے بلی کو نیچے پھینک دیا ۔ملزم جس کا نام شوم رام پنچل ہے نے کہا کہ وہ بلی کو اپنے گھر میں دیکھ کر مشتعل ہوگیا تھا اور مایوسی کے عالم میں بالکونی سے باہر پھینک دیا۔


بلی کے مالک عبدل شیخ نے پولیس میں شکایت درج کرواتے ہوئے کہا کہ اس کی بلی بالکونی سے نیچے گرنے کے باعث موقع پر ہی ہلاک ہوگئی۔پولیس حکام کے مطابق ملزم ٹیوٹونیا بلڈنگ میں اپنے بیٹے ،بہو اور پوتے کے ساتھ رہتا ہے جبکہ بلی کی مالک فیملی اسی بلڈنگ کی دوسری عمارت پر رہائش پذیر ہے۔


یہ افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب پنچل کا پوتا بلی کے ساتھ کھیلنے کے لئے اسے پنے گھر لیکر آیا ۔بلی کے شور کرنے پر بزرگ شخص سیخ پا ہوگیا اور اسی اکتاہٹ کے باعث بلی کو پکڑ کر مارنا شروع کردیا۔


وہاں پر موجود لوگوں نے اس شخص کو ایسا کرنے سے روکنے کی کوشش کی مگر پنچل نے بلی کو بالکونی سے نیچے پھینک دیا۔

ناصر کلکرنی نامی پولیس انسپکٹر نے کہا کہ ”بلی کی مالک فیملی نے اس شخص کیخلاف شکایت درج کروائی جس کے بعد ہم نے سی سی ٹی وی میں واضح طور پر دیکھا گیا کہ ملزم نے بلی کو بالکونی سے نیچے پھینکا۔جانور کو دردناک طریقے سے مارنے پر ہم نے اس شخص کیخلاف ایف آئی آر درج کرلی ہے ،تاہم بزرگ شہری ہونے کے ناطے اس شخص نے فوری طور پر ضمانت کروالی “۔