راولپنڈی: راولپنڈی کے بینظیر بھٹو اسپتال میں تعینات حنیف عباسی کی بیٹی ڈاکٹر اریبہ نے اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ طارق نیازی اور پاکستان تحریک انصاف پر انتقامی کارروائی کا الزام لگاتے ہوئے استعفیٰ دے دیا۔
گزشتہ سال ستمبر2017 سے راولپنڈی کے بینظیر بھٹو اسپتال میں میڈیکل آفیسر کے عہدے پر تعینات ڈاکٹر اریبہ نے اپنے تحریری استعفے میں ایم ایس ڈاکٹر طارق نیازی پر انتقامی کارروائی کا الزام لگایا۔
ڈاکٹر اریبہ نے الزام لگایا کہ ایم ایس کے پی ٹی آئی سے قریبی تعلقات ہیں اور ان سے دشمنی کی وجہ لیگی رہنما حنیف عباسی کی بیٹی ہونا ہے لہذا وہ ان حالات میں ایم ایس ڈاکٹر نیازی کی نگرانی میں مزید کام نہیں کر سکتیں۔
خیال رہے گزشتہ روز وزیر قانون پنجاب راجا بشارت اور ایم ایس ڈاکٹر طارق نیازی کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو کی مبینہ آڈیو بھی منظرعام پر آئی ہے جس میں راجہ بشارت ایم ایس سے ڈاکٹر اریبہ کی سفارش کر رہے ہیں کہ انہیں واپس اسکن ڈیپارٹمنٹ میں تعینات کر دیں۔
مبینہ آڈیو میں راجا بشارت نے خدشہ ظاہر کیا کہ ایسا نہ کیا تو حکومت پر انتقام کا الزام لگے گا تاہم ایم ایس کے انکار پر وزیر قانون برہم ہو گئے اور دھمکی دی کہ ڈاکٹر اریبہ کو واپس اسکن ڈیپارٹمنٹ نہ بھیجا گیا تو ایم ایس بھی اپنے عہدے پر نہیں رہیں گے۔