کراچی: جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق کا کہنا ہے کہ مسلم حکمران سو رہے ہیں لیکن امت جاگ رہی ہے اور جب تک ایک مسلمان بھی زندہ ہے القدس کبھی بھی اسرائیل کا دارلحکومت نہیں بن سکتا ۔
جماعت اسلامی کی جانب سے کراچی میں ہونے والے ’القدس ملین مارچ‘ سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھا کہ امت کو مسلک اور لسانیت کی بنیاد پر تقسیم کرنا دشمن کی سازش ہے اور اس وقت عالم اسلام منتشر اور دست وگریباں ہیں لیکن القدس کو بچانے کے لیے مسلم امت کا اتفاق ضروری ہے۔
کوئٹہ میں چرچ پر دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ اس حملے کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے جب کہ پاکستان کے خلاف بھارت، اسرائیل اور امریکا کا ٹرائیکا بن چکا ہے۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ اسلامی فوجی اتحاد کوایک ایجنڈا دیناچاہیے جس میں القدس سرفہرست ہوناچاہیے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ امریکی صدر کے فیصلے کی واپسی تک مسلم حکمران امریکی سفیروں کو ملک بدر کردیں اور تعلقات ختم کردیں۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ 2018 کشمیر اور فلسطین کی آزادی کا سال ہے لیکن القدس اور کشمیر کی آزادی کے لیے امت کو جرات مند قیادت کی ضرورت ہے۔