لاہور : سابق چیف آف پاکستان اور جسٹس ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین افتخار محمد چوہدری نے کہا ہے کہ عمران خان نااہلی کیس کے فیصلے پر نظر ثانی ہونی چاہئیے۔
لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سابق چیف جسٹس نے کہا کہ عمران خان اور جہانگیر ترین کا کیس بھی نواز شریف کے کیس جیسا تھا۔ نواز شریف کی طرح عمران خان کے کیس پر بھی جے آئی ٹی بنائی جا سکتی تھی۔عمران خان نے بھی اپنے اثاثوں پر کبھی ٹیکس نہیں دیا۔ عمران خان کیس میں نرمی برتی گئی جس پر نظر ثانی ہونی چاہیئے۔
سابق چیف جسٹس نے کہا کہ ججز نے متفقہ طور پر نواز شریف کو نااہل قرار دیا۔ نواز شریف کے بیانات کا مقصد صرف عدلیہ کی تضحیک ہے جس کے خلاف رٹ دائر کردی ہے۔افتخار محمد چوہدری کا کہنا ہے کہ آئندہ عام انتخابات سے قبل حلقہ بندیاں ہوجانی چاہئیں۔