کراچی: سردی ہو یا گرمی، ہر موسم میں کھوپرے کا تیل بالوں میں لگایا جاتا ہے لیکن اگر اسے درست طور پر استعمال کیا جائے تو خشکی اور خراب بالوں کا یقینی خاتمہ ممکن ہے۔
ذیل میں گرتے بالوں اور خشکی سے نجات اور صحت مند بالوں کے لیے کھوپرے کا تیل استعمال کرنے کے صحیح طریقے دیئے جارہے ہیں۔ بہترین نتائج کے لیے ان میں سے ہر طریقے پر ہفتے میں دو سے تین مرتبہ تک عمل کرنا ضروری ہے۔
کھوپرے کے تیل سے گرتے بالوں کا علاج:
کھوپرے کا تیل نیم گرم کرلیں۔
اپنے بالوں کو نیم گرم پانی سے نم کرلیں، اس طرح کہ بالوں میں نمی کا احساس ہو لیکن پانی ٹپک نہ رہا ہو۔
بال چھوٹے ہوں تو ایک کھانے کا چمچہ نیم گرم کھوپرے کا تیل بالوں میں لگائیں، کندھوں تک لمبے بالوں کے لیے 2 کھانے کے چمچوں جتنا جب کہ زیادہ لمبے بالوں کے لیے 4 کھانے کے چمچوں جتنا کھوپرے کا تیل بالوں میں اچھی طرح لگائیں۔
بالوں کی جڑوں میں انگلیوں کی پوروں سے کھوپرے کے تیل کی کچھ دیر تک اچھی طرح مالش کریں تاکہ یہ کھوپڑی کی کھال میں جذب ہوجائے۔
بہترین نتائج کے لیے تین منٹ تک بالوں کی جڑوں میں کھوپرے کے تیل کی مالش کریں۔
اب اپنے سر کو شاور کیپ یا کسی کپڑے سے ڈھک لیں تاکہ اس پر ہوا اور پانی نہ پڑیں۔
بالوں کو اسی طرح 20 سے 30 منٹ تک رہنے دیں اور اگر بہترین نتائج درکار ہوں تو پوری رات انہیں ایسے ہی رکھیں۔
اس کے بعد اپنے بالوں کو کسی سادہ شیمپو سے دھو لیں جس میں سلفیٹ اور کنڈیشنر نہ ہوں۔
خشکی ختم کرنے کے لیے کھوپرے کا تیل:
سب سے پہلے اپنے بال دھو لیں۔
اب کھوپرے کے تیل میں کسی بھی ضروری تیل مثلاً ٹی ٹری آئل، تھائم، لیونڈر یا ونٹرگرین کے پانچ قطرے ملا لیں۔ یہ کھوپڑی پر فنگس وغیرہ ختم کرنے میں آپ کی اضافی مدد کرتے ہیں۔
پورے سر پر، یعنی گدی سے لے کر پیشانی تک اور دونوں کانوں کے پیچھے تک اس آمیزے کی اچھی طرح چند منٹ تک مالش (چمپی) کریں تاکہ یہ بالوں کی جڑوں میں جذب ہوجائے۔
اب اپنے سر کو شاور کیپ یا کسی کپڑے سے ڈھک لیں تاکہ اور 20 سے 30 منٹ تک اسی طرح رہنے دیں۔
اس کے بعد شاور کیپ/ کپڑا ہٹا کر اپنے بالوں کو کسی سادہ اور ہلکے شیمپو سے دھولیں۔
خراب بالوں کو صحت مند بنانے کے لیے کھوپرے کا تیل:
بالوں کو صحت مند اور لمبا کرنے کے لیے ایک چائے کا چمچہ کھوپرے کا تیل ایک کپ پانی میں ملالیں اور پھر اسے ہلکی آنچ پر اتنا گرم کریں کہ پانی اور کھوپرے کا تیل یکجان ہوجائیں۔ بال چھوٹے ہوں تو کھوپرے کے تیل کی مقدار کم کرکے آدھا چائے کا چمچہ کی جاسکتی ہے۔
اب بالوں کی جڑوں سے اس نیم گرم آمیزے کی مالش شروع کریں اور بالوں کی نوکوں تک میں اسے اچھی طرح لگا لیں۔
اس کے بعد بالوں میں اچھی طرح سے کنگھی کریں تاکہ یہ پانی اور تیل کا آمیزہ آپ کے بالوں میں پوری طرح سے پھیل جائے۔
اب بالوں کو سمیٹ کر شاور کیپ یا کپڑے سے باندھنے کے بعد رات بھر اسی طرح رہنے دیں۔
صبح اٹھ کر کنڈیشنر والے کسی عام شیمپو سے بالوں کو دھو لیں۔