اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ جنرل فیض کی گرفتاری کے بعد معاملات آگے چلے ہیں، فوج نے شفاف تحقیقات کی ہیں، تحقیقات کا دائرہ بڑھتا جارہا ہے، مزید گرفتاریاں بھی ہوسکتی ہیں۔
وزیر اطلاعات ونشریات عطا تارڑ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جنرل فیض کی گرفتاری کے بعد معاملات آگے چلے گئے ہیں، جنرل فیض اور دیگر افسران کا گٹھ جوڑ تھا تحقیقات کا دائرہ بڑھتا جارہا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ جنرل ریٹائرڈ فیض حمید ان کی سازش میں شامل تھے،دہشتگردوں کو واپس کون لے کر آیا،کیا وہ بھی گٹھ جوڑ نہیں تھا۔تحریک انتشار کے چیئرمین نے ان لوگوں کے ساتھ ملکر انتشار پھیلانے کی منصوبہ بندی کی۔
وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ یہ بھی اطلاعات ہیں بانی پی ٹی آئی کا جیل سے رابطہ تھا جو ملک کے خلاف سازشیں کرے گا اس کا نجام اسی طرح ہونا چاہیے، ملک کا امن خراب کیا اور انتشار پھیلایا گیا ۔بانی پی ٹی آئی نے ملک کے امن کو خراب کیا،انتشار پھیلایا، بانی پی ٹی آئی کا رابطہ بحال تھا،گٹھ جوڑ کے نتیجے میں جوڑ توڑ کی سیاست کی گئی،ہم ادارے کے اس قدم کو سراہتے ہیں، جو ملک کے خلاف سازشیں کرنا چاہے گا اس کا انجام یہی ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج میں خود احتسابی کا اپنا میکنزم ہے، فوج کے ادارے نے خود احتسابی کا عمل شروع کیا یہ سٹارٹنگ پوائنٹ ہے، ہم فوج کے خود احتسابی عمل کو خوش آئند سمجھتے ہیں، باقی اداروں کو بھی خود احتسابی کا عمل شروع کرنا چاہیے۔