لاہور :گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم پر انعامات کی بارش جاری ،ارشد ندیم کو گورنر پنجا ب سردار سلیم حیدر کی جانب سے2لاکھ اور گاڑی کا تحفہ دیا گیا ہے۔
گورنر ہاؤس لاہور میں سردار سلیم حیدر کی جانب سے ارشد ندیم کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا گیا، گورنر ہاؤس پہنچنے پر گولڈ میڈلسٹ کا شاندار استقبال کیا گیا اور ہار پہنائے گئے۔ تقریب میں صوبائی وزراء سمیت پیپلزپارٹی کے ارکان اور ارشد ندیم کی فیملی نے بھی شرکت کی۔
گورنر پنجاب سلیم حیدر خان نے ارشد ندیم کو تحفے میں گاڑی اور 20 لاکھ روپے کا چیک دے دیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سلیم حیدر خان نے کہا کہ ارشد ندیم کو گورنر ہاؤس میں خوش آمدید کہتا ہوں، ان کی کامیابی پر پوری قوم جشن منا رہی ہے۔
گورنر پنجاب کا کہنا ہے کہ ملک کے ہر حصے میں ارشد ندیم کی کامیابی کو سراہا جا رہا ہے، ہمیں توقع ہے کہ وہ مزید ریکارڈ بنائیں گے۔
اس موقع پرارشد ندیم کا کہنا تھا کہ اللہ نے مجھ سمیت پورے پاکستان کو عزت بخشی، گورنر پنجاب کا شکرگزار ہوں جنہوں نے مجھے عزت دی، والدین اور قوم کی دعاؤں سے اولمپکس میں گولڈ میڈل حاصل کیا، آئندہ بھی ملک کیلئے ایوارڈ حاصل کروں گا۔