190 ملین پاؤنڈ ریفرنس: نیب تفتیشی افسر کے بیان پر آج چھٹی مرتبہ بھی جرح مکمل نہ ہوسکی

190 ملین پاؤنڈ ریفرنس: نیب تفتیشی افسر کے بیان پر آج چھٹی مرتبہ بھی جرح مکمل نہ ہوسکی

راولپنڈی:اڈیالہ جیل میں 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس کی سماعت وکلاء صفائی کی استدعا پر عدالت نے 21 اگست تک ملتوی کردی۔ نیب تفتیشی افسر ڈپٹی ڈائریکٹر میاں عمر ندیم کے بیان پر آج چھٹی مرتبہ بھی جرح مکمل نہ ہوسکی ۔

190 ملین پاؤنڈز ریفرنس پر سماعت کے موقع پر بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کو کمرہ عدالت پیش کیا گیا۔  آج سماعت کے موقع پر بانی پی ٹی آئی کی جانب سے سلمان صفدر، ظہیر عباس چوہدری اور عثمان ریاض گل جبکہ نیب ٹیم پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفر عباسی کے ہمراہ عدالت پیش ہوئی۔

وکلاء صفائی نے عدالت کے سامنے موقف اختیار کیا کہ نیب بورڈ میٹینگ منٹس کی کاپی کی فراہمی کے حوالے سے ہماری درخواست اسلام آباد ہائیکورٹ میں زیر سماعت ہے لہذا آج کی سماعت کو ملتوی کیا جائے۔جس پر احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے ریفرنس پر سماعت پر سماعت 21 اگست تک ملتوی کردی۔

آئندہ سماعت پر وکلاء صفائی نیب تفتیشی افسر کے بیان پر اپنی جرح مکمل کریں گے۔ریفرنس میں ابتک مجموعی طور پر 35 گواہوں کے بیانات قلمبند جبکہ 34 پر جرح مکمل ہو چکی ہے۔

مصنف کے بارے میں